بلڈ پریشر کی دوائیں کھانے کے بجائے یوگا کریں
ایک سروے کے بعد ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ بلڈ پریشر کے مریض اگر دوا کھانے کے بجائے صرف یوگا کی مشقیں سر انجام دیں تب بھی دوائیں استعمال کرنے جیسا فائدہ ہوتا ہے
لاہور(نیٹ نیوز)۔یورپی تنظیم برائے امراضِ قلب کی ایک کانفرنس میں پیش کردہ تحقیقی مقالے میں کہا گیا کہ باقاعدہ یوگا سے بلڈ پریشر کو عین دواؤں کی طرح قابو میں رکھا جاسکتا ہے ۔ اس میں کہا گیا کہ روزانہ صرف 15 منٹ یوگا اور سانس کی مشقوں سے بلڈ پریشر میں 10 فیصد تک کمی کی جاسکتی ہے ۔اس تحقیقی سروے میں 60 افراد کو شامل کیا گیا تھا۔ اس میں شرکا کو ان کی مرضی کے مطابق، گہرے سانس کی مشقیں، سکون آور آسن، ابتدائی یوگا پوزیشن یا صرف جسم کو کھینچنے کی ورزشیں کرائی گئیں۔ان میں سے یوگا کرنیوالے شرکا کے گروپ میں لوگوں کے بلڈ پریشر میں دس فیصد کمی نوٹ کی گئی۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اس تحقیق کو ایک 16 سالہ طالبعلم اشوک پانڈے نے سکول پراجیکٹ کے طور پر سر انجام دیا تھا اور اس پر مبنی ایک تحقیقی مقالہ بھی لکھ ڈالا جسے اب تک 30 ہزار سائنسدانوں نے پڑھا جس کے بعد اسے کینیڈا اور جرمنی میں امراضِ قلب کی کانفرنسوں میں بھی پیش کیا گیا۔