ماہرین نے 600ٹریلین سورج جتنا روشن ’کوزار‘ دریافت کرلیا
فلکیاتی ماہرین نے کائنات کے دوردراز حصے میں ایک کوزار دریافت کیا ہے جس سے 600 ٹریلین سورجوں کے برابر روشنی خارج ہورہی ہے
ایریزونا(نیٹ نیوز)فلکیاتی ماہرین نے کائنات کے دوردراز حصے میں ایک کوزار دریافت کیا ہے جس سے 600 ٹریلین سورجوں کے برابر روشنی خارج ہورہی ہے ۔یہ کائناتی عجوبہ ہم سے 12.8 ارب نوری سال کے فاصلے پر واقع ہے اور بہت ابتدائی کائنات کا ایک شاہکار ہے ۔ زمین سے قریب ایک کہکشاں کی ثقلی قوت نے لینز کا کام کرتے ہوئے اس کی روشنی کو غیر معمولی روشن کرکے ظاہر کیا اور یوں ماہرین نے اسے دیکھ لیا۔ یونیورسٹی آف ایریزونا میں نصب ملٹی پل مِرر ٹیلی سکوپ سے دیکھا جانے والا یہ کوزار انسانی معلومہ تاریخ میں روشن ترین کوزار ہے اور اسے دریافت کرنے والی ٹیم نے گزشتہ 20 برس سے اپنی توجہ کوزار پر مرکوز کر رکھی ہے ۔کوزار کا نام J043947.08+163415.7 ہے جو ایک بہت بڑے بلیک ہول سے توانائی لے رہا ہے ۔ ایک اندازہ ہے کہ یہ ایک نوجوان کہکشاں کا حصہ ہے اور اپنے اطراف سے مادہ کھا کر اس سے توانائی خارج کررہا ہے ۔ کوزار ایسے خلائی اجسام ہوتے ہیں جن کے قلب میں بہت بڑے بلیک ہولز ہوتے ہیں اور ان سے روشنی اور توانائی کی بڑی مقدار خارج ہوتی ہے ۔