دانت باقاعدگی سے برش کیجئے ،الزائمر سے بچئے
بعض ناقابلِ تردید شواہد سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ منہ کی صحت اور دماغی امراض کے درمیان ایک تعلق پایا جاتا ہے ۔
ناروے (نیٹ نیوز)اب اس بات کو آگے بڑھاتے ہوئے ماہرین نے کہا کہ روزانہ باقاعدگی سے دانتوں کو صاف رکھنے سے الزائمر اور دیگر دماغی بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے ۔ناروے کی یونیورسٹی آف برجن کے سائنسدانوں نے کہا کہ روزانہ دانتوں کو صاف رکھتے ہوئے نہ صرف آپ اپنے دانت بچاسکتے ہیں بلکہ خود کو الزائمر سمیت کئی امراض سے بھی محفوظ رکھ سکتے ہیں۔اس تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ مسوڑھوں کی سوزش (جنجی وائٹس) اور الزائمر کے درمیان گہرا تعلق ہے ۔ اس کا ثبوت دیتے ہوئے یونیورسٹی کے شعبہ کلینیکل علوم کے ماہر پائٹرمائڈل اور ان کے ساتھیوں نے خاص بیکٹیریا کے ڈی این اے پیش کئے ہیں۔ مسوڑھوں کی سوزش میں جو بیکٹیریا سرگرم ہوتے ہیں وہ منہ کے ذریعے دماغ تک جاتے ہیں اور یوں الزائمر کی وجہ بنتے ہیں۔یہ بیکٹیریا دماغ میں جاکر ایک ایسا پروٹین بناتے ہیں جو دماغی خلیات یعنی عصبیوں (نیورونز) کو تباہ کرتا ہے اور انسانی یادداشت کم ہوتی رہتی ہے اور آخرکار وہ الزائمر کی جانب پہنچ جاتا ہے ۔ پروفیسر مائڈل کہتے ہیں کہ یہ بیکٹیریا الزائمر کی براہِ راست وجہ نہیں بلکہ یہ الزائمر کو بڑھاتا ہے ۔ لیکن اچھی خبر یہ ہے کہ دانتوں کو برش کرنے اور دھاگے سے فلاسنگ کی بدولت اس خطرے کو کم کیا جاسکتا ہے ۔