سیاحوں پر حملے، عمر قید کی سزا، بھالو انسانوں کی جیل میں قید
کرغزستان کی عدلیہ نے انسانوں پر حملہ کرنے کے جرم میں مادہ بھالو کو عمر قید کی سزا سناتے ہوئے جیل میں قید کردیا ہے
نورسلطان (نیٹ نیوز)کرغزستان کی عدلیہ نے انسانوں پر حملہ کرنے کے جرم میں مادہ بھالو کو عمر قید کی سزا سناتے ہوئے جیل میں قید کردیا ہے ۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اکاتیرینا عرف کاتیا نامی بھالو پر الزام تھا کہ اس نے 2004 میں11 سالہ بچے پر اس وقت حملہ کیا تھا جب وہ کاتیا کو کھانا کھلانے کیلئے پنجرے کے قریب گیا تھا۔ کاتیا نے بچے کی ٹانگ پکڑلی تھی جس کے نتیجے میں بچہ شدید زخمی ہوگیا تھا ۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اسی برس مادہ بھالو نے نشے میں دھت 28 سالہ شخص کو بھی حملہ کرکے زخمی کردیا تھا جو پنجرے میں ہاتھ ڈال کر کاتیا سے مصافحہ کرنے کی کوشش کررہا تھا۔ دو انسانوں پر حملے کے بعد انتظامیہ نے کاتیا کو کسی اور جگہ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم کسی بھی چڑیا گھر انتطامیہ یا جنگلی جانوروں سے دیکھ بھال کرنے والے ادارے سے کاتیا کو پناہ دینے سے انکار کردیا تھا جس کے باعث انسانوں کی جیل میں 700 قیدیوں کے درمیان کاتیا کو بھی قید کرنا پڑا۔ مادہ بھالو اب جیل کی پہچان بن چکی ہے اورانتظامیہ نے کاتیا کا ایک مجسمہ بھی نصب کردیا ہے جبکہ قیدیوں سے ملاقات کیلئے آنے والے افراد کو بھی کاتیا سے ملاقات کی اجازت ہے ۔