"DLK" (space) message & send to 7575

اُمڈتے طوفان

2008ء میں سرمایہ دارانہ نظام کی تاریخ کے سب سے بڑے معاشی کریش کے بعد یورپ، امریکہ اور دوسرے مغربی ممالک کی معیشتیں بحالی کی بجائے مزید اقتصادی و مالیاتی بحرانوں میں ڈوبتی چلی جارہی ہیں۔ عالمی سرمایہ داری کے ماہرین کا خیال تھا کہ ’’ابھرتی‘‘ ہوئی معیشتیں (جن میں برازیل، روس، ہندوستان، چین اور جنوبی افریقہ شامل ہیں )سرمائے کے ڈوبتے ہوئے سفینے کو سہارا دیں گی اور سرمایہ داری کو اس عالمی بحران سے نکالنے میں کردار ادا کریں گی، لیکن پچھلے پانچ سالوں میں حکمرانوں کی یہ امیدیں اور خواب چکنا چور ہوچکے ہیں۔ چین کی شرح نمو 11فیصد سے کم ہو کر 7.2فیصد، ہندوستان کی 10فیصد سے 5.5فیصد جبکہ برازیل کی شرح نمو 7فیصد سے گر کر 0.9فیصد تک آگئی ہے۔یہ تمام تر ممالک جہاں سرمایہ دارانہ نظام کی تشکیل اور استواری مکمل نہیں ہوئی ہے ، اس تنزلی سے سماجی انتشار کا شکار ہو چکے ہیں۔ اسی طرح ترکی کے بارے میں بہت شور مچایا جارہا تھا۔ اسلامی بنیاد پرست اور لبرل عناصر، دونوں ہی اسے سرمایہ داری کی کامیابی کا ماڈل بنا کر پیش کر رہے تھے، لیکن اب ترکی بھی معاشی و سماجی بحرانوں میں گھر چکا ہے۔ترکی میں پچھلے تین ہفتوں سے جاری عوامی بغاوت شدت اختیار کر گئی ہے اوروزیراعظم ایردوان کی اسلامی جمہوری حکومت کا آمرانہ اور جابرانہ وحشت پر مبنی اصل کردار بے نقاب ہو گیا ہے۔پچھلے اتوار مزید 85لوگوں کو گھروں میں گھس کر گرفتار کیا گیا جس کے بعد اس تحریک کے دوران گرفتار ہونے والوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ترکی کی میڈیکل ایسوسی ایشن کے مطابق ریاستی تشدد سے اب تک پانچ افراد مارے گئے ہیں اور7500 زخمی ہوئے ہیں۔ ترکی کے وزیرِ داخلہ معمر گلر کے مطابق’’مارکسسٹ لینن اسٹ کیمونسٹ پارٹی کے ممبران کے خلاف ایک سخت آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ ان ممبران نے اس تحریک کو ابھارنے میں ہراول کردار ادا کیا ہے۔‘‘طیب ایردوان نے ریاستی تشدد پر ہونے والی تنقید کو رد کرتے ہوئے پولیس کو مزید اختیارات اور طاقت دینے کا اعلان کیا ہے تاکہ مظاہرین کو کچلا جاسکے۔الجزیرہ کے مطابق ایردوان نے مرچوں کے سپرے اور ریاستی تشدد کے دوسرے وحشیانہ ہتھکنڈوں کو جائز قرار دیا ہے۔اپنی پارٹی کے پارلیمانی گروپ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’پولیس کی قوتیں، جمہوریت کا امتحان پاس کر چکی ہیں‘‘۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے یہ عندیہ بھی دیا کہ اگر پولیس اس تحریک کو کچلنے میں ناکام ہوجاتی ہے تو فوج کو بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ 20سال میں ترکی میں ابھرنے والی یہ سب سے بڑی احتجاجی تحریک ہے جو درختوں کی کٹائی کے خلاف ایک دھرنے سے شروع ہو کر ملک گیر حیثیت اختیار کرچکی ہے۔ مظاہرین کے مطالبات سیاسی نوعیت اختیار کرچکے ہیں اور کیمونسٹ پارٹی سمیت بائیں بازو کی پارٹیاں اور ٹریڈ یونینز اس تحریک میں واضح کردار ادا کررہی ہیں۔عوامی بغاوت کا یہ پہلا ریلا اگرچہ ایردوان کی رجعتی ، جابر اور عوام کی زندگیوں میں مداخلت پر مصر حکومت کو اکھاڑ نہیں سکا لیکن اسے بے نقاب کرکے اس کی سماجی بنیادوں کو کھوکھلا کردینے میں کامیاب ضرور ہوا ہے۔بغاوت کی اگلی موج زیادہ طاقتور ہوگی جو ایردوان کی نام نہاد ’’آزادی و انصاف‘‘ پارٹی کی حکومت کو نیست و نابود کرے گی۔ ترکی میں ابھی انقلابی تحریک جاری ہی تھی کہ لاطینی امریکہ کے سب سے بڑے ملک اور دنیا کی آٹھویں بڑی معیشت برازیل میں 20سال بعد ایک بڑی عوامی بغاوت پھٹ پڑی ہے‘ جیسے پاکستان میں ایوب خان آمریت کے خلاف اُبھرنے والے 1968-69ء کے انقلاب کو بھڑکانے والی چنگاری چینی کی قیمت میں چار آنے کا اضافہ تھا‘ اسی طرح برازیل میں بھی بسوں کے کرایوں میں 10سینٹ کے اضافے نے سطح کے نیچے پکنے والے آتش فشاں کو پھاڑ دیا ہے۔بورژوا معیشت دان برازیل کی معاشی ترقی کے گن گاتے نہیں تھکتے تھے لیکن لاکھوں افراد کے حکومت مخالف مظاہرے سائوپولو سے شروع ہو کر برق رفتاری سے ریو ڈی جینرو، برازیلیا اور دوسرے شہروں میں پھیل چکے ہیں۔اسی طرح انڈونیشیا میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جکارتہ میں شروع ہونے والی تحریک سماٹرااور بورینا سمیت انڈونیشیا کے بیشتر جزائر میں پھیل کر برسرِ اقتدار دائیں بازو کی حکومت کے لیے چیلنج بن گئی ہے۔ مصر میں 2011ء میں اُبھرنے والی تحریک، جس نے حسنی مبارک کی مطلق العنان آمریت کو اکھاڑ پھینکا تھا، ایک انقلابی پارٹی اور قیادت کی عدم موجودگی میں بکھر گئی۔ امریکی سامراج نے مصری فوج پر دبائو ڈال کر اپنے پرانے حلیف اخوان المسلمون کو انتخابی دھاندلی کے ذریعے اقتدار دلوایا۔ انتخابات میں ٹرن آئوٹ کم رہا اور نتائج کے مطابق اخوان المسلمون کو 25فیصد سے بھی کم عوام کی حمایت حاصل تھی۔اقتدار میں آنے کے بعد رجعتی اور بنیاد پرست حکومت کو بڑے پیمانے کے عوامی مظاہروں کا سامنا کرنا پڑا۔پچھلے ایک سالہ اقتدار کے دوران اس اسلامی جمہوری حکومت نے سرمایہ دارانہ نظام کے جبر و تسلط اور امریکہ سامراج کی اطاعت کی پالیسیوں کو جاری رکھاہے ۔ عوام پر بے پناہ معاشی و اقتصادی حملے کیے گئے ہیں، غربت اوربیروزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔ صدر مرسی کے خلاف عوامی نفرت اور حقارت بڑھی ہے۔30جون کواخوان المسلمون کی حکومت کا ایک سال مکمل ہونے پر اپوزیشن نے بڑے پیمانے پر حکومت مخالف احتجاجی مظاہرے منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے اور صدر مرسی سے فوراً سبکدوش ہونے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ اخوان المسلمون کی حکومت کے خلاف ایک پیٹیشن پر ایک کروڑ چالیس لاکھ افراد دستخط کر چکے ہیں۔ مصر کے ایک اپوزیشن لیڈرکے مطابق ’’انقلاب ابھی ختم نہیں ہواہے…‘‘ 30جون کو ہونے والے مظاہروں کو کچلنے کے لیے مرسی بھی ریاستی تشدد کے استعمال کی بھرپور تیاری کر رہے ہیں۔ آج کوئی ملک یا خطہ ایسا نہیں جہاں سرمایہ دارانہ نظام کا بحران عدم استحکام، مفلسی، محرومی، بیروزگاری اور بیگانگی میں اضافہ نہ کررہا ہو۔لوگ اس استحصال زدہ زندگی اور حالات سے تنگ آ چکے ہیں۔ ہر طرف جمود ٹوٹ رہا ہے۔عوامی بغاوتیںابھر رہی ہیں۔یہ عمل آنے والے دنوں میں تیز اور وسیع ہوگا۔وہ لوگ جو انقلاب کو رد کرچکے تھے اب کسی ابھرتی ہوئی تحریک میں انقلابی کیفیات کو یکسر مسترد کررہے ہیں۔ یہ زندگی اورانسانی نجات کے عمل سے ان ہارے ہوئے لوگوں کی شکست اور پسپائی کی غمازی کرتا ہے۔ پچھلے عہد میں ان نام نہاد دانشوروں نے بڑا سوچنا چھوڑ دیا تھا۔چھوٹے چھوٹے مسائل میں الجھ کر انقلاب کے تناظرسے بے بہرہ ہو گئے تھے۔لیکن دیوار برلن کے گرنے کے 24سال بعد ایک نئی نسل جوان ہو چکی ہے، جس نے اس نظام کی ذلتوں کونہ صرف برداشت کیا ہے بلکہ ان کی روح اور احساس ، دل اور دماغ میں اس نظام سے نفرت اور بغاوت کی آگ سلگ رہی ہے۔اس نسل کی خوش قسمتی یہ ہے کہ ایک عہد، ایک معروض، ایک وقت بدل رہا ہے۔ عالمی منظر نامے پر نئے انقلابی طوفان امڈ رہے ہیں‘ لیکن انقلاب ایک واقعہ نہیں بلکہ سماجی تبدیلی کے عمل کا تسلسل ہوتا ہے جو کئی سال بھی چل سکتا ہے اورجس میں ایک کے بعد ایک، عوامی بغاوت کے کئی ریلے آتے ہیں۔ہر ابھار میں نوجوان اور محنت کش کئی اسباق سیکھتے ہیں۔آخر کار وہ اس نتیجے پر پہنچتے ہیں کہ رائج الوقت نظام میں رہتے ہوئے کوئی بہتری یا نجات ممکن نہیںہے۔انسانی تاریخ کے دھارے کو موڑ دینے والے تمام انقلابات کی تاریخ اس عمل کی گواہ ہے۔دنیا بھر میں سرمایہ دارانہ نظام کے استحصال اور زوال کے رد عمل میں اضطراب بڑھ رہاہے۔استحصال زدہ عوام کی تحریکیں ابھر رہی ہیں، لیکن ہوس اور منافع پر مبنی اس نظام سے انسانیت کی نجات کا راستہ تب ہی ہموار ہو گا جب کسی اہم ملک میں ابھرنے والا انقلاب، سوشلسٹ فتح سے ہمکنار ہو۔ یہ انقلابی فتح پوری دنیاکے مظلوموں اور محنت کشوں کے لیے اس مقصد اور منزل کے حصول کا پیغام بنے گی جس کی تلاش انسانیت کو شدت سے ہے!

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں