"DLK" (space) message & send to 7575

نظام کی غربت

دلکش برفانی چوٹیوں کے وسط میں سوئٹزرلینڈ کا چھوٹا سا شہر ڈیووس آباد ہے۔ یہاں ہر سال جنوری کے مہینے میں 'ورلڈ اکنامک فورم‘ کا اجلاس منعقد ہوتا ہے جس میں دنیا بھر سے سرمایہ دارانہ نظام کے معیشت دان، ریاستی پالیسی ساز اور سیاست دان شریک ہوتے ہیں۔ اس اجلاس کا مقصد عالمی سطح پر سرمایہ دارانہ معیشت کے تحفظ اور طوالت کی پالیسیاں مرتب کرنا اور آئندہ کے لائحہ عمل کی تیاری ہوتا ہے۔ 
یہ اس استحصالی نظام کے رکھوالوں کا شاید سب سے بڑا غیر رسمی اجلاس ہوتا ہے جس میں پاکستان سے بھی عمران خان اور یوسف رضا گیلانی جیسے سیاستدان شریک ہوتے رہے ہیں۔ پچھلے چند سالوں سے دنیا میں دولت کی تقسیم پر گہری نظر رکھنے والا برطانوی خیراتی ادارہ 'آکسفیم‘ بھی اس اجلاس میں اپنی رپورٹیں پیش کر رہا ہے۔ پچھلے چندبرسوں کی طرح اس بار بھی آکسفیم کی رپورٹ چونکا دینی والی تھی‘ جس کے مطابق دنیا کے ایک فیصد امیر ترین افراد کی مجموعی دولت باقی کی 99 فیصد آبادی کی کل جمع پونجی کے برابر ہو چکی ہے۔ صرف 62افراد دنیا کی آدھی آبادی (تقریباً 3.5ارب افراد) سے زیادہ امیر ہو چکے ہیں۔ 2010ء کے بعد امرا کی دولت میں 44فیصد اور غربت میں 41فیصد اضافہ ہوا ہے۔ 
آکسفیم کی اس سالانہ رپورٹ کو زیادہ کوریج اس لئے مل جاتی ہے کہ یہ بڑے سرمایہ داروں کے اجلاس میں پیش کی جاتی ہے اور کارپوریٹ میڈیا اس کو زیادہ نمایاں کرتا ہے۔ لیکن سرمایہ داروں یا ان کے نمائندگان کے سامنے اتنی تلخ رپورٹ انتباہ کے طور پر پیش کی جاتی ہے کہ غربت اور امارت کے تضاد کو اتنا مت بڑھائو وگرنہ بغاوت پورے نظام کے لئے خطرہ بن سکتی ہے۔ دولت کے چند ہاتھوں میں ایک حد سے زیادہ ارتکاز کے نہ صرف سیاسی اور سماجی مضمرات ہوتے ہیں بلکہ یہ عمل خود سرمایہ دارانہ معیشت کے لئے بھی مضر ہے‘ لیکن یہی ارتکاز پھر سرمایہ دارانہ نظام کی ناگزیر پیداوار بھی ہے جس کی وضاحت کارل مارکس نے ڈیڑھ صدی قبل کر دی تھی۔ 
دولت کی اس حد تک ناہموار تقسیم اور غربت وغیرہ کی ایسی رپورٹوں پر اس نظام کے کئی دانشور اور سیاستدان وغیرہ واویلا تو خوب کرتے ہیں لیکن پھر انہی تضادات کو شدید تر کرنے کی پالیسیاں ''حل‘‘ کے طور پر نافذ کی جاتی ہیں۔ خوفناک استحصال پر ''چیریٹی‘‘ یا خیرات کا میک اپ بھی کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ پچھلی چند دہائیوں میں پاکستان اور دنیا بھر میں خیرات امرا کے فیشن کا لازمی جزو بن چکی ہے۔ کھیل سے لے کر فلم تک، ہر بڑے سپر سٹار کی ایک عدد 'چیریٹی‘ بھی ہے جس کے چرچے ہر انٹرویو اور پروگرام میں کئے جاتے ہیں۔ کوئی مذہب کی بنیاد پر خیرات کرتا ہے تو کوئی ''انسانیت کے درد‘‘سے دلبرداشتہ ہو کر۔ اس ملک میں بھی کچھ بڑ ے سرمایہ دار جتنی رقم خیرات میں دیتے ہیں، اس سے کہیں زیادہ اس کی تشہر پر خرچ کرتے ہیں۔
لیکن یہ خیراتی مہمات جوں جوں بڑھی ہیں اس سے کئی گنا زیادہ اضافہ غربت اور ذلت میں ہوا ہے۔ گزشتہ دنوں پاکستان میں وسیع آبادی کی مسلسل بڑھتی محرومی کا پتا دینے والے کچھ نئے اعشارئیے سامنے آئے ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان دنیا کے 9 ان پڑھ ترین ممالک میں شامل ہے۔چائلڈ لیبر کے حوالے سے ماریطانیہ اور ہیٹی کے بعد پاکستان تیسرے نمبر پر ہے جبکہ مردہ بچوں کی پیدائش کی شرح 186ممالک میں سے سب سے زیادہ پاکستان میں ہے۔ خوراک، پینے کے پانی ، نکاس، صحت اور رہائش سمیت کم و بیش ہر سماجی اعشارئیے کی کیفیت یہی ہے۔ 
یہ حقائق بہت کچھ واضح کرتے ہیں۔ خیرات دینے والے استحصال کے بغیر دولت جمع نہیں کر سکتے۔ استحصال کے معنی انسانی محنت یا محنت کشوں کا استحصال ہے۔ اجرت میں مسلسل کمی، محنت کشوں کے حقوق کی صلبی اور بیروزگاری میں مسلسل اضافے سے ہی شرح منافع بلند کی جا سکتی ہے ۔ غربت اور بیروزگاری جب وبا بن کر معاشرے میں پھیل جاتے ہیں اور ایسے میں کوئی انقلابی تحریک نہ اٹھے تو پسپائی اور شکست کی نفسیات عوام پر حاوی ہو جاتی ہے۔ خیرات بھیک کا دوسرا نام ہے جو استحصالی طبقہ اپنی اور اپنے نظام کی نیک نامی اور استحصال سہنے والوں کے شعور کو مسلسل کند رکھنے کے لئے دیتا ہے۔ 
پاکستان جیسے پسماندہ ممالک میں سرمایہ دار طبقہ جب ''جائز‘‘ طریقوں سے شرح منافع بڑھانے سے قاصر ہو جاتا ہے تو ریاست کو لوٹنے لگتا ہے۔ ریاستی مشینری بھی اس لوٹ مار میں کمیشن ایجنٹ بن کے رہ جاتی ہے۔آج جس کرپشن کا اتنا شور مچایا جاتا ہے وہ اسی نظام کی پیداوار، معمول اور ناگزیر ضرورت ہے جس سے پاکستان کا حکمران طبقہ مستفید بھی ہو رہا ہے اور احتساب کا واویلا بھی کر رہا ہے۔ دولت کے ان انباروں میں چند سکے خیرات میں اچھال دئیے جاتے ہیں جبکہ بڑی رقوم سیاست، ریاست اور دوسرے شعبوں کو خریدنے میں استعمال کی جاتی ہیں۔ 
2008ء کے مالیاتی کریش کے بعد معاشی بحران کے اس عہد میں ''فلاحی ریاست‘‘قائم رکھنے کی گنجائش سرمایہ داری میں ختم ہو چکی ہے۔ یہ فلاحی ریاستیں مخصوص حالات کی پیداوار تھیں جن میں دوسری عالمی جنگ کے بعد 1974ء تک کے معاشی عروج(پوسٹ وار بوم) ، یورپی محنت کشوں کی طویل جدوجہد، سوویت یونین کی موجودگی جیسے عوامل کا کردار کلیدی تھا۔ آج امریکہ اور یورپ میں بھی کئی نسلوں کے بعد معیار زندگی بڑھنے کی بجائے مسلسل زوال کا شکار ہے اور غربت میں اضافہ ہی ہو رہا ہے۔ 
پاکستان اور ہندوستان جیسے سابقہ نو آبادیاتی ممالک میں سرمایہ دارانہ نظام صحت مند بنیادوں پر پروان چڑھ سکا نہ ہی ایسا ممکن ہے۔ ہندوستان میں پہلے جواہر لال نہرو اور پھر اندرا گاندھی کے دور میں ''نہرووین سوشلزم‘‘ اور ''غریبی ہٹائو‘‘ جیسی ریاستی سرمایہ داری کی پالیسیاں چلائی گئیں۔ پاکستان میں ایوب خان کے دور میں کسی حد تک ایسی کوششیں کی گئیں لیکن مغرب کی طرز پر وسیع سماجی ترقی دینے والی سرمایہ داری کبھی پروان نہیں چڑھ سکی۔ الٹا طبقاتی اور سماجی تضادات شدید تر ہی ہو ئے۔ ایسے میں 1968-69ء کی انقلابی تحریک شروع ہوئی‘ لیکن ذوالفقار علی بھٹو نے جب سرمایہ دارانہ ریاست کی حدود میں ہی اقتدار قبول کیا تو جے اے رحیم نے احتجاجاً پیپلز پارٹی کے جنرل سیکرٹری کی حیثیت سے استعفیٰ دے دیا۔ تحریک کا دبائو بھی کسی حد تک اس وقت موجود تھا، ایسے میں بھٹو نے زیادہ ریڈیکل اصلاحات کرنے کی کوشش کی جس پر پاکستان کے اہم ماہر معاشیات ڈاکٹر محبوب الحق نے اس وقت لکھا تھا: ''سرمایہ دارانہ نظام میں محض اصلاحات اب کوئی قابل عمل حل نہیں۔ 1969ء کے عوامی ابھار نے سرمایہ دارانہ ڈھانچے کو مسترد کیا تھا۔ ایسے اصلاح شدہ نظام کی خواہش کی جا رہی ہے، جس میں سبھی محنت کشوں کو مناسب اجرت دی جائے، منافعوں میں محنت کشوں کی شراکت ہو، سرمایہ داروں کی سماجی ذمہ داری ہو، وغیرہ وغیرہ...یہ سب سویڈن یا پھر یوگوسلاویہ میں تو ہو سکتا ہے مگر پاکستان جیسے ملک میں یہ عمل ارتقائی مراحل کے ذریعے ممکن نہیں۔‘‘
ادھورا انقلاب اور اصلاحات کی ناکامی ہی بھٹو کی معزولی اور ضیاالحق کی آمریت کا موجب بنی‘ جس میں ڈی نیشنلائزیشن، پرائیویٹائزیشن اور سرمایہ داری کا ننگا جبر استوار کرنے کا آغاز کیا گیا۔ یہ تاریخ کے اسباق ہیں۔ اب اگر 'ورلڈ اکنامک فورم‘ میں کوئی سرمایہ داروں کو ''اچھا‘‘ ہونے، اجرتوں میں اضافے یا ٹیکس دینے جیسے مشورے دیتا ہے تو یہ گھوڑے کی گھاس سے دوستی کرانے والی بات ہے۔ آکسفیم کی اس رپورٹ کا اہم پہلو یہ ہے کہ مستقبل میں کہیں غربت کے خاتمے کی کوئی نوید نہیں، الٹا اضافے کی ہی پیش گوئی ہے۔ یہی اس نظام کی اصلیت اور آج کی سب سے بڑی حقیقت ہے۔ یہ تاریخی طور پر متروک نظام ہے جو کوئی ترقی پسند کردار ادا کرنے سے قاصر ہے اور جس میں دولت چند ہاتھوں میں ہی مجتمع ہو گی‘ انسانیت کی وسیع اکثریت کی محرومی میں اضافہ ہی ہوگا۔اس نظام کی امارت ہی دنیا کی غربت ہے۔لیکن سوال یہ بھی ہے کہ کیا یہ عمل لا متناہی طور پر جاری رہ سکتا ہے؟ انسان کب تلک بھوک، ننگ اور افلاس برداشت کر سکتا ہے؟ بغاوت ناگزیر ہے اور آنے والا عہد اس سے بھرپور!

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں