آج کل میڈیا میں سی ایس ایس کے پرچے آئوٹ کرنے والی پر اسرار خاتون کا بڑا چرچا ہے ۔ مسماۃ سعدیہ کوثر المعروف جنگل کا پیر بابا نے ملک بھر میں اتنا نام کمایا ہے ، جتنا ہمارے گائوں میں صابرو مصلی نے رمضان المبارک کی ایک سہ پہر بیچ چوراہے کے حقہ پی کر کمایا تھا ۔ جنگل کے پیر بابا نے امتحان ہذا کے جنرل نالج کا پرچہ ہمیں فی سبیل اللہ بھجوایا ہے ۔ ہم بھی اسے بغیر کسی لالچ کے آپ امیدواروں کی بھلائی کی خاطر یہاں نقل کررہے ہیں۔ درج ذیل سوالات آئیں گے ، جن میں سے آپ نے دس سوالوں کے جواب لکھنے ہوں گے ۔
1۔گاڑھا اور صحت بخش دودھ بنانے کا فارمولا لکھیں۔ نیز تفصیل سے بتائیں کہ پانچ لیٹر دودھ میں کتنے سو فیصد پانی ، کتنی کتنی مقدار میں ڈیٹرجنٹ پائوڈر ، بلیچنگ پائوڈر ، بال صفا پائوڈر ، بورک پائوڈر ، یوریا کھاد، ایلومینیم فاسفیٹ ، پنسلین اور فارملین ملانے سے بیس لیٹر ذائقے دار اور غذائیت سے بھرپور دودھ تیار ہوتا ہے ؟
2۔ملکی تاریخ کی روشنی میں جواب دیں کہ پاناما لیکس کا اونٹ کب اور کس کروٹ بیٹھے گا؟ ایسا گول مول نوٹ لکھیں کہ ممتحن کی سمجھ میں کچھ نہ آئے ۔
3۔ سی ون تھرٹی ہرکولیس طیارے کی تاریخ اور ساخت بیان کریں۔ نیز کسی قوم پر اس کے ایک بڑے احسان کی تفصیل لکھیں۔
4۔ لوڈ شیڈنگ کے انسانی مزاج پر کیا خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں؟ ایک پیشہ ور عاشق کی حیثیت سے لوڈ شیڈنگ کے فوائد پر تفصیلی نوٹ لکھیں۔
5۔ دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق اور بے رحم آپریشن کیا ہوتا ہے ۔ اس میں کن کن لوگوں کو تفریق کر کے ان پر رحم کیاجاتا ہے ؟
6۔ نان ایشو کو ایشو بنانے کا سیاسی طریقہ واردات بیان کریں۔ نیز ایسے کسی ایشو پر سیر حاصل بحث کریں۔
7۔ کسی ایک پر نوٹ لکھیں '' سیاست کے سینے میں دل نہیں ، معدہ ہوتا ہے ‘‘ یا '' ڈگری تو ڈگری ہوتی ہے چاہے اصلی ہویا جعلی‘‘
8۔ سستا اور فوری انصاف کیا ہوتا ہے ؟ اسے حاصل کرنے کے طریقوں پر کھل کر بحث کریں ۔ نیز ایسے کسی انصاف کے حصول کی آپ بیتی بھی بیان کریں۔
9 ۔کیدو کی حیات و خدمات پر مفصل نوٹ لکھیں۔ نیز ان کی روشنی میں ثابت کریں کہ جذبہ صادق ہو تو جسمانی معذوری کسی مقصد اولیٰ کے حصول میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔
10۔ '' تحریک بحالی آمریت ‘‘ کی تاریخ ، اغراض و مقاصد اور کامیابیوں پر جامع نوٹ لکھیں۔
11۔ ضمیر کے جھانسے میں آئے بغیر سرکاری ملازمت کے دوران مال بنانے کے طریقے بیان کریں۔ اس امتحان میں پاس ہو کر آفیسر بننے کی صورت میں اثاثے بنانے کے لیے آپ کے دماغ میں کیا کیا پلان ہیں؟
12۔ شدت پسندی کے مراکز اور انتہا پسندی کی نرسریاں کیا ہوتی ہیں؟ بچ بچا کر نوٹ لکھیں۔
13۔ جعلی کاغذات پر بینک سے قرضہ حاصل کرنے اور پھر اسے معاف کرانے کا مکمل اور مرحلہ وار طریقہ کار لکھیں۔
14۔ کم از کم پانچ فٹ لمبے دلائل سے ثابت کریں کہ وطن عزیز میں شرمناک شرح خواندگی ،جعل سازی ،ملاوٹ ، ذخیرہ اندوزی ، چوری ، ڈکیتی اور فراڈ وغیرہ یہودونصاریٰ کی گھنائونی سازشوں کا شاخسانہ ہے ( اس سوال کے نمبر ماپ کر دیئے جائیں گے ) ۔
15۔ توانائی کا بحران اور آبادی بڑھانے میں بالترتیب وزارت پانی و بجلی اور وزارت بہبودِ آبادی کی خدمات کا تفصیلی جائزہ لیں۔
16۔ دنیا میں اسلام کی سر بلندی کے لیے بوکو حرام ، داعش ، القاعدہ ، طالبان اور ان کی ذیلی تنظیموں کی خدمات بیان کریں۔
17۔ اخلاقی دیوالیہ پن کے شکار کسی کھوکھلے یورپی معاشرے میں بن بیاہی مائوں اور اپنے حیا دار معاشرے کے دو نمبریوں کی صحیح تعداد معلوم کرنے کا سائنسی طریقہ بیان کریں۔
18 ۔''زنگ آلودنظریات ‘‘ اور''دیمک زدہ خیالات‘‘کی تعریف کریں۔نیزاگر ان میں کوئی فرق ہے تو بیان کریں۔
19۔استادامام دین گجراتی کی شاعری پر تحقیقی مقالہ لکھیں۔اس مقالے میں استاد کو غالب سے بڑا شاعر ثابت کر ناآپ کی اس امتحان میں کامیابی کی ضمانت ہے۔نیز انور مسعود کے فرمان ''اس دفعہ شاعر اور خربوزے زیادہ ہوئے ہیں‘‘کی روشنی میں شاعروں اور خربوزوں کی افادیت پر بحث کریں۔
20۔قلم سے جھوٹ لکھنے اورازاربند ڈالنے میں کیا فرق ہے؟نیزمثالوں سے واضع کریں کہ ہر دومیں سے کون سااستعمال قلم کے حق میں بہتر ہے۔
21۔قائداعظم کے افکارپر مشتمل اس خفیہ ڈائری کی روشنی میں شخصی حکمرانی کے حامل اسلامی پاکستان کے خدو خال لکھیں، جوخوش قسمتی سے قبلہ ضیاء الحق کے ہاتھ لگ گئی تھی اوراہل پاکستان آج اس سے مستفید ہورہے ہیں۔
دیئے گئے الفاظ کی مدد سے خالی جگہ پر کریں۔
(1) ہم...قوم ہیں (غیور۔ کشکول بدست)
(2) فلمی ہیروئن ...کی عمر میں ریٹائرڈ ہو جاتی ہے ( پچاس سال ۔ ساٹھ سال)
(3) کرپشن میں ملوث افراد کو اکثر ...کا حلف اٹھاتے دیکھا گیا ہے ( بے گناہی ۔ وزارت)
(4) عوام کے ساتھ ہمدردی کے ...رچائے جاتے ہیں (ڈھونگ۔ ڈھکوسلے)
(5) رقص...پہن کر بھی کیا جاتا ہے ( زنجیر۔ کھلے گلے کی قمیض)
(6) فرقہ واریت ، دہشت گردی یا ہیروئن کا خیال آتے ہی ...کا نام نامی اسم گرامی ذہن میں جگمگا اٹھتا ہے ( ضیاء الحق۔ ضیاء الحق )
(7) ہم نے لائن بنانے کی حماقت ...کی (نہیں ۔ کبھی نہیں )
(8) منتخب حکومتوں کو آزادی سے چلنے دیا جائے تو وہ ...ہو جاتی ہیں ( پختہ کار ۔ شتر بے مہار)
(9) جنوبی پنجاب دہشت گردوں کا ...ہے ( گھر۔ گڑھ)
(10) ہم ...کی بات سنتے ہی بھڑک اٹھتے ہیں (فحاشی۔ معقولیت )
(11) ہمارے ملک میں کئی نیکو کار دہشت گردوں کے ...ہیں( مخالف ۔ سہولت کار) ۔
(11)ہماری ملی غیرت کو تگنی کا ناچ نچاکر ریمنڈ ڈیوس کا معاملہ ... ہوچکا(ہوا۔قصہ پارینہ)