جیولری کی درآمد و برآمد کی نگرانی کیلئے مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم قائم
افتتاح چیف ایگزیکٹو ٹڈاپ نے کیا ،سسٹم اتھارٹی کے منرل اینڈ میٹل ڈویژن کے تحت کام کریگا. ایم آئی ایس کے ذریعے خام دھاتوں کی امپورٹ میں بے قاعدگیوں کا خاتمہ ہوگا ،پاکستان جیم مرچنٹس
کراچی(بزنس رپورٹر)ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے قیمتی دھاتوں اور جیولری کی ایکسپورٹ امپورٹ کی نگرانی کے لیے جدید مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم متعارف کرادیا ہے۔ یہ سسٹم ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے منرل اینڈ میٹل ڈویژن کے تحت کام کرے گا۔ سسٹم کا افتتاح گزشتہ روز ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگز یکٹوایس ایم منیر نے کیا، اس موقع پر آل پاکستان جیم مرچنٹس اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حبیب الرحمٰن سمیت ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے دیگر اعلیٰ افسران بھی شریک تھے۔ وفاقی وزارت تجارت کے ایس آر او 760(I)2013کے تحت ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی قیمتی دھاتوں اور جیولری کی امپورٹ ایکسپورٹ کے لیے مانیٹرنگ اتھارٹی ہے اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے ادا کرنے کے لیے اپنے ذرائع سے ایم آئی ایس سسٹم تیار کیا ہے جو ملک سے قیمتی دھاتوں کی امپورٹ ایکسپورٹ اور سونے کے زیورات کی ایکسپورٹ کی رئیل ٹائم بنیادوں پر نگرانی اور مینجمنٹ انجام دے گا۔ ایم آئی ایس کو آگے چل کر ایف بی آراور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے نظام سے بھی منسلک کیا جائے گا۔ آل پاکستان جیم مرچنٹس اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حبیب الرحمٰن کے مطابق ایم آئی ایس کے ذریعے قیمتی دھاتوں اور جیولری کی ایکسپورٹ خام دھاتوں کی امپورٹ میں بے قاعدگیوں کا خاتمہ ہوگا اور ٹریڈ کو شفاف بنیادوں پر استوار کرنے میں مدد ملے گی، مینوئل طریقہ کار کی وجہ سے ماضی میں سونے کے زیورات اور خام سونے کی درآمد میں بے قاعدگیاں ہوتی رہیں جس کی وجہ سے امپورٹ ایکسپورٹ کی بندش کا بھی سامنا کرنا پڑا، اس نظام سے قیمتی دھاتوں اور سونے کے زیورات کی امپورٹ ایکسپورٹ مکمل طور پر کمپیوٹرائزڈ ہوجائیگی ،ون ونڈو آپریشن کی وجہ سے امپورٹ ایکسپورٹ کی راہ میں حائل رکاوٹوں اور کرپشن کے امکانات کا بھی خاتمہ ہوگا، سونے اور سونے کے زیورات کی امپورٹ ایکسپورٹ سے متعلق تمام ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ ہوگا جس سے کسی بھی غیرقانونی سرگرمی کی نشاندہی ہوسکے گی اور ایکسپورٹ کے عوض زرمبادلہ اور خام سونا پاکستان واپس لانے کی بھی نگرانی ہوسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سسٹم ملک سے سونے کے زیورات کی ایکسپورٹ میں اضافے میں بھی معاون ہوگا ۔