کپاس پر وائرس کے انسداد کیلئے زنک اور بوران کا سپرے کریں , ماہرین
کاشتکار سفید مکھی کا انسداد کرکے وائرس پر قابو پا سکتے ہیں،ایک ہی قسم کا زہر بار بار استعمال نہ کریں،یوریا سپرے بھی مفید
فیصل آباد(اے پی پی )کپاس پروائر س کے انسداد کے لئے زنک اور بوران کا سپرے کریںمحکمہ زراعت نے کہا ہے کہ کپاس کے کاشتکارفصل پر سفید مکھی کا انسداد کرکے پتہ مروڑ وائرس پر قابو پا سکتے ہیں تاہم ایک ہی قسم کا زہر بار بار استعمال نہ کریں۔ میزبان پودے اور جڑی بوٹیاں سفید مکھی کی افزائش کا سبب بنتی ہیں جو کپاس پر وائرس کے پھیلاؤ میں مددگار ہے جبکہ وائرس کی متبادل میزبان خوراکی جڑی بوٹیوں میں مکو، لیہہ، لیہلی، کرنڈ، لینٹانا، ہزاردانی، رتن جوت، پٹھ کنڈا، اَک اور اِٹ سِٹ وغیرہ شامل ہیں لہٰذا ان جڑی بوٹیوں کی تلفی کو یقینی بنائیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کاشتکار کپاس کی سفید مکھی کے متبادل میزبان خوراکی پودوں مثلاً بھنڈی، آلو، تمباکو، بینگن، حلوہ کدو، کھیرا، تر، کریلا، ٹماٹر، تربوز، ٹینڈا، خربوزہ، سورج مکھی اور مرچ پر سفید مکھی کے کنٹرول پر خصوصی توجہ دیں تاکہ سفید مکھی ان پر پرورش پاکر کپاس کے کھیتوں پر حملہ کرنے اور وائرس پھیلانے کا سبب نہ بن سکے ۔ انہوں نے بتایاکہ سفید مکھی کے انسداد کے لئے مختلف کیڑے مار زہروں کے ساتھ ساتھ حیاتیاتی انسداد کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے اور اس سلسلے میں کسان دوست کیڑوں کو بڑھایا جائے ۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار سفید مکھی کے کنٹرول کیلئے ایک ہی قسم کی زہر بار بار استعمال نہ کریں۔ وائرس سے متاثرہ فصل پر زنک سلفیٹ (33فیصد) 250گرام اور بورک ایسڈ 300 گرام فی ایکڑ 100لٹر پانی کے محلول کے ساتھ بوائی کے بالترتیب 60, 45اور 90دن کے بعد سپرے کریں تاہم بعد میں کسی وقت بھی وائرس سے متاثرہ فصل پر زنک اور بوران کا سپرے کیا جا سکتا ہے ۔یوریا کے 2فیصد محلول کا 10روز کے وقفہ سے سپرے بھی بہترین نتائج دیتا ہے ۔