کیٹرز ڈیکوریٹرز کی شادی ہالز 16مئی سے کھولنے کی اپیل

کیٹرز ڈیکوریٹرز کی شادی ہالز 16مئی سے کھولنے کی اپیل

انڈسٹری تباہی کے دہانے پر ،مزدور پریشان،خودکشیوں کی نوبت آگئی ،قیص منصور

کراچی(بزنس رپورٹر)چیئرمین کیٹرز ڈیکوریٹرز ایسوسی ایشن قیص منصور شیخ نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے مسلسل شادی ہالز کی بندش کے باعث انڈسٹری تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے ،نہ صرف شادی ہالز میں کام کرنے والامزدور طبقہ مشکلات سے دوچار ہوچکا ہے بلکہ شادی ہالز مالکان بھی بے انتہاء مسائل کا شکار ہوچکے ہیں، قیص منصور شیخ نے وفاقی وزیر اسد عمر سے اپیل کی ہے کہ شادی ہالز 16 مئی سے کھولنے کا اعلان کریں تاکہ بڑھتی ہوئی بے روزگاری پر قابو پایا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے تمام شعبوں کو اہمیت دیتے ہوئے فوائد دیے ،تاہم شادی ہالز انڈسٹری کیلئے کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا، ہم نے اپنے ملازمین کی کسی نہ کسی طرح مدد کرنے کی کوشش کی ہے لیکن حکومت کے شادی ہالز کی بندش کے فیصلے سے 20 لاکھ لوگوں کی بے روزگاری کے باعث خودکشیوں کی نوبت آگئی ہے ۔قیص منصور شیخ نے کہا کہ ریسٹورنٹس ہوم ڈلیوری جبکہ ٹرانسپورٹ سمیت دیگر شعبے کام کررہے ہیں،لیکن بندش صرف شادی ہالز کیلئے ایسا کیوں ؟۔انہوں نے کہا کہ حکومت اس شعبے سے وابستہ افراد کا خیال کرتے ہوئے شادی ہالز فوری کھولے ،شادی ہالز میں آنے والے مہمان تیار ہوکر آتے ہیں اور ایسے میں کورونا کیسز کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،ہم نے اپنے شادی ہالز میں ہمیشہ ایس او پیزپر مکمل عملدرآمدکیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں