آئندہ سال گوگل اسکالرشپس 4.5لاکھ تک پہنچ جائینگی، امین الحق

آئندہ سال گوگل اسکالرشپس 4.5لاکھ تک پہنچ جائینگی، امین الحق

کراچی(بزنس رپورٹر)وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونی کیشن امین الحق نے کہا ہے کہ گوگل سے 45ہزار اسکالرشپس کا معاہدہ ہوا ہے۔۔

 جو آئندہ سال بڑھ کر 4.5لاکھ تک پہنچ جائے گی جبکہ دی جانے والی اسکالر شپس میں 40 فیصد خواتین کا حصہ ہوگا۔اب 1.6ملین ڈالر کی لاگت سے این ای ڈی میں گیمنگ اور اینی میشن کیلئے عمارت تعمیر کرلی ہے جہاں سے اس انڈسٹری کو فروغ دیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کاٹی میں آئی ٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی ٹی منسٹری 2050 کے وژن پر کام کر رہی ہے ، اب تک پاکستان میں 2020 تک سرمایہ کاری 75 ملین ڈالر تھی جو 2021 میں بڑھ کر 373 ملین ڈالر تک پہنچ گئی، اسی طرح وزارت کی کاوشوں کے بعد 30 مارچ سے موبائل پر ریگولیٹری ڈیوٹی کا خاتمہ کر دیا گیا ۔ امین الحق نے مزید کہا کہ جب وزارت سنبھالی اس وقت ملک کے بڑے شہروں میں 5 انکیوبیشن سینٹرز کام کر رہے تھے ، جن کی تعداد 3 سال میں بڑھ کر 8 تک پہنچ گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری توجہ ملک میں اسٹارٹ اپس اور گیمنگ اینڈ اینی میشن کوفروغ دینا ہے ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں