ڈیزل کی کھپت میں 18،پٹرول میں 4فیصداضافہ

 ڈیزل کی کھپت میں 18،پٹرول میں 4فیصداضافہ

کراچی(رپورٹ:مظہر علی رضا)حکومت کی جانب سے ایک ماہ کے دوران پٹرول وڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد ڈیزل اورپٹرول کی کھپت میں18فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے یکم مئی سے یکم جون تک ایک ماہ کے دوران ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 40روپے لٹر کی نمایاں کمی کے بعد ڈیزل کی فی لٹر قیمت293روپے سے گھٹ کر253روپے لٹر کی سطح پر آپہنچی ہے ۔محض ایک ماہ کے دوران 40روپے لٹر کمی کے نتیجے میں مئی کے دوران ڈیزل کی کھپت18فیصد اضافے سے 5لاکھ45ہزار ٹن کی سطح پر ریکارڈ کی گئی جبکہ اپریل میں ڈیزل کی کھپت 4لاکھ61ہزار ٹن کی سطح پر رہی تھی،اسی طرح پٹرول کی فی لٹر قیمت میں یکم مئی تا یکم جون کے دوران 20روپے کمی کی جاچکی ہے جس کے بعد پٹرول کی فی لٹر قیمت282روپے سے گر کر262روپے کی سطح پر آگئی ۔قیمتوں میں کمی کے باعث مئی کے دوران پٹرول کی کھپت4فیصد اضافے سے 6لاکھ2ہزار ٹن سے زائد ریکارڈ کی گئی جبکہ اپریل میں پٹرول کی کھپت5لاکھ80ہزار ٹن سے زائد کی سطح پر رہی تھی۔آئل انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں اسمگل شدہ ڈیزل اور پٹرول کی فروخت بھی جاری ہے جس نے مقامی ریفائنریوں اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی فروخت کو متاثر کیا ہے۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں