اسلام آباد چیمبر کاشرح سودسنگل ڈیجٹ پر لانے کا مطالبہ
اسلام آباد(اے پی پی)اسلام آباد چیمبر کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ زیادہ شرح سود کی وجہ سے ہماری صنعت کیلئے بین الاقوامی مارکیٹ میں مقابلہ کرنا مشکل ہو گیا۔
جس کی وجہ سے برآمدات متاثر ہو رہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں کیا،وفد کی قیادت صدر احمد وحید کررہے تھے ۔احسن ظفر بختاوری نے مزید کہا کہ معیشت کی بحالی کا بہترین طریقہ برآمدات میں تیزی سے اضافہ کرنا ہے جس کیلئے شرح سود کو سنگل ڈیجٹ تک لانا اشد ضروری ہے ۔اس موقع پر احمد وحید نے کہا کہ 22فیصد شرح سود اس وقت انڈسٹری کی ترقی میں ایک بڑی رکاوٹ ہے لہٰذا حکومت سے پرزور مطالبہ ہے کہ اس پر نظرثانی کی جائے جس سے صنعت کاری کو بہتر فروغ ملے گا، برآمدات میں اضافہ ہو گا، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور معیشت جلد بحال ہو گی۔انہوں نے کہا کہ بلند شرح سود پاکستان میں نئی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی راہ میں بھی ایک بڑی رکاوٹ ہے لہٰذا حکومت ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے اس مسئلے کو حل کرنے پر توجہ دے ۔