نئی حکومت کی توجہ میثاق معیشت پر ہونی چاہیے ، جوہر قندھاری

نئی حکومت کی توجہ میثاق معیشت  پر ہونی چاہیے ، جوہر قندھاری

کراچی(آئی این پی)کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی)کے صدر جوہر قندھاری نے عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نئی مخلوط حکومت کے قیام پر تجویز دی۔۔

 کہ سب سے پہلے میثاق معیشت پر توجہ دی جائے اور فوری طور پر ایک طویل مدت کی معاشی پالیسی کا نفاذ ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے انڈسٹریلائزیشن ناگزیر ہے کیونکہ اسی سے ملازمت کے مواقع پیدا ہوں گے ۔ صدر کاٹی نے کہا کہ صنعتکاری اور سرمایہ کاری کیلئے ضروری ہے کہ بجلی گیس کی قیمت میں کمی ہو، شرح سود سنگل ڈیجٹ میں کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پیداواری لاگت خطہ کے مقابلے 30 فیصد زیادہ ہے جس کی وجہ سے پاکستانی مصنوعات عالمی منڈی میں مقابلہ نہیں کر سکتیں۔ جوہر قندھاری نے کہا کہ صنعتوں کو بہتر انفرااسٹرکچر کی فراہمی ترجیح ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ میثاق معیشت میں حکومت کی ترجیح طویل مدت کی پالیسی کے ساتھ ٹیکس ریفارمز پر ہوں۔ صدر کاٹی نے کہا کہ پڑوسی ممالک میں پالیسیوں کا نفاذ کئی دہائیوں پہلے ہوا جس پر آج تک عملدرآمد جاری ہے جبکہ ہمارے ملک میں ہر 6 ماہ بعد ایک نئی پالیسی لاگو کر دی جاتی ہے جس کی مکمل آگاہی نہ تو حکام کوہوتی ہے اور نہ ہی اس پر صحیح طور پر عملدرآمد کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ منتخب ہونے والی حکومت صنعتوں کو سستی بجلی اور توانائی کے دیگر ذرائع فراہم کرکے پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈی میں مسابقت بڑھا سکتی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں