خیبر پختونخوا ، بیوٹی پارلرز اور شادی ہالوں پر فکسڈ ٹیکس کا فیصلہ

خیبر پختونخوا ، بیوٹی پارلرز اور شادی ہالوں پر فکسڈ ٹیکس کا فیصلہ

پشاور(این این آئی) خیبر پختونخوا حکومت نے آئندہ مالی سال سے صوبے میں بیوٹی پارلرز اور شادی ہالوں پر فکسڈ ٹیکس لگانے کا فیصلہ کرلیا۔

۔شادی ہالوں اور بیوٹی پارلرز کو ان کے سائز اور کاروبار کے حجم کے بنیاد پر مختلف کیٹگریز میں تقسیم کیا جائے گا جن سے خدمات پر فکسڈ سیلز ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی کی ڈائریکٹر جنرل فوزیہ اقبال نے اس ضمن میں وزیراعلیٰ کے مشیر برائے محکمہ خزانہ مزمل اسلم کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں کیپرا کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ شادی ہالوں اور بیوٹی پارلرز کے مالکان کو سیلز ٹیکس آن سروسز کے فکسڈ ریٹس اور فیصد ریٹس میں کسی ایک کو منتخب کرنے کا اختیار دیا جائے گا جس کے بعد وہ اپنے منتخب کردہ نظام کے مطابق ماہانہ ٹیکس کیپرا کے پاس جمع کرائیں گے ۔ مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز جن میں تاجر تنظیمیں اور چیمبر آف کامرس کے نمائندے شامل ہیں ان سب کو اعتماد میں لے کر فیصلہ کیا جائے گا، اس کے بعد اگر کوئی بھی کاروباری شخص یا ادارہ ٹیکس کی چوری میں ملوث پایا گیا تو ان کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔انہوں نے احکامات جاری کیے کہ خیبر پختونخوا سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ 2022 میں ترمیم کرکے وسل بلوؤر کے ذریعے ٹیکس چوری کی نشاندہی کرنے والوں کو ٹیکس چوروں سے حاصل جرمانے میں سے ایک خاص حصہ بطور انعام دینے کی سفارشات شامل کی جائیں گی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں