پاکستان اٹلی کی اقتصادی امداد کو بہت اہمیت دیتا ہے ،احدخان چیمہ

 پاکستان اٹلی کی اقتصادی امداد کو بہت اہمیت دیتا ہے ،احدخان چیمہ

اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیر اقتصادی اموراحدخان چیمہ نے کہاہے کہ پاکستان اٹلی کے ساتھ اپنے تعلقات کوقدرکی نگاہ سے دیکھتاہے ، اٹلی کے ساتھ قریبی تعاون کو جاری رکھنے اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے یہ بات پیرکو پاکستان میں اٹلی کی سفیر ماریلینا ارمیلن سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ اطالوی ایجنسی برائے ترقیاتی تعاون کے سربراہ فرانسسکو زٹا اور اٹلی کے سفارتخانے کے فرسٹ سیکرٹری آگسٹو پالمیری اور وزارت اقتصادی امور کے اعلی ٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ملاقات میں پاکستان اور اٹلی کے درمیان دیرینہ دوطرفہ تعاون پرروشنی ڈالی گئی۔ فریقین نے اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے 14 جولائی 2005 کو دو طرفہ تعاون کو وسعت دینے کے لیے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کے بعد ہونے والی پیشرفت کوسراہا ۔وفاقی وزیر نے مختلف عالمی معاملات پر دونوں ممالک کے مشترکہ نکتہ نظر کو اجاگر کیا اور پاکستان کے لیے اٹلی کی اقتصادی امداد کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اٹلی کی حکومت کی طرف سے دی جانے والی اقتصادی امداد کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔ سفیر ماریلینا ارمیلن نے غربت میں کمی،دیہی ترقی،فنی اور پیشہ ورانہ تربیت، ثقافتی ورثہ اور زراعت جیسے باہمی متفقہ ترجیحی شعبوں میں پاکستان کی حمایت کے لئے اٹلی کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں