معاشی بہتری کیلئے مشترکہ پالیسی کی ضرورت ، فرازالرحمان

 معاشی بہتری کیلئے مشترکہ پالیسی کی ضرورت ، فرازالرحمان

کراچی (آن لائن)معروف تاجر رہنما اور پاکستان بزنس گروپ کے بانی و چیئرمین فرازالرحمان نے کہا ہے کہ پورے پاکستان میں صنعتوں کی بقا داؤ پر لگی ہوئی ہے۔۔

توانائی کی قیمتوں کی وجہ سے اب تو اچھی خاصی چلتی انڈسٹریز بھی بیمار انڈسٹریز میں تبدیل ہوتی جارہی ہیں، انڈسٹریز کو 0.9 سینٹس پر بجلی دینا ناگزیر ہوگیا، معاشی بہتری کیلئے مشترکہ پالیسی کی ضرورت ہے ۔ بزنس کمیونٹی کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات پر فراز الرحمان نے کہاکہ ایس آئی ایف سی اچھا پراجیکٹ ہے مگر کیا ہمارے شہروں کے مزدور کھیتی باڑی کرنے جائیں گے ، جس طرح روزانہ مزدور نکالے جارہے ہیں انڈسٹری کو تالا لگ رہا ہے اس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ آنے والے وقت میں صنعتوں اور کاٹیج انڈسٹری کا وجود ہی ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ کی پامالی کی وجہ سے بااثرافراد امیر ، عوام غریب ہوتے جا رہے ہیں جبکہ ملکی معیشت کمزورہوتی جا رہی ہے ۔ اب وقت آگیا ہے کہ معاملات کودرست کیا جائے ورنہ ملک چلانا ناممکن ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے حکومت اور اپوزیشن کی جماعتوں سمیت ہر شعبے سے وابستہ افراد متحد رہ کر اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے اقتصادی بحالی کے عمل کو شروع کرنے کیلئے صنعتوں کیلئے توانائی کی شرح میں کمی، طویل مدتی پالیسیاں وضع کرنے اور ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے جیسے فوری اقدامات پر زور دیاہے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں