سائٹ میں ہائی پریشر گیس پائپ لائن بچھانے کا خیرمقدم

سائٹ میں ہائی پریشر گیس پائپ لائن بچھانے کا خیرمقدم

کراچی(بزنس ڈیسک)سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کے ممبران نے سائٹ ایریا کے صنعتی صارفین کیلئے 24 انچ قطر کی31 کلومیٹر طویل ہائی پریشر گیس پائپ لائن بچھانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کم گیس پریشر اور۔

 زیرو گیس پریشر کے طویل عرصے سے زیر التواء مسئلے کو حل کرنے کے حوالے سے سوئی سدرن گیس کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر عمران منیارکی گزشتہ 3 سال کے دوران کی گئی نتیجہ خیز کاوشوں کی تعریف کی ہے ۔ سائٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے دیے گئے استقبالیے میں صدرکامران عربی، سرپرست اعلیٰ زبیر موتی والا، چیف کوآرڈینٹر سلیم پاریکھ، سابق صدر جاوید بلوانی و دیگر بھی شریک تھے ۔

ایم ڈی عمران منیار نے سائٹ کے صنعتی صارفین کیلئے بچھائی جانے والی پائپ لائن پر بریفنگ دی جس سے صنعتی کنکشن کو الگ کر کے سائٹ ایریا میں گیس پریشر کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے بتایا کہ انڈسٹریل گیس لائن ہائی پریشر لائن ہے ۔ کراچی کے 70 فیصد ٹی بی ایس پر آٹومیشن کر دی گئی ہے اور ایس ایس جی سی اب کراچی میں گیس پریشر کو ایک ٹچ پر ریگولیٹ کر سکتا ہے چونکہ گھریلو صارفین کی لائن کو صنعتی صارفین کی لائن سے الگ کر دیا گیا ہے ،یہ یو ایف جی کو کم کرے گا اور گھریلو، صنعتی دباؤ کو معقول بنائے گا۔اس موقع پر آر ایل این جی بلینڈنگ، اس کی قیمتوں اور بلنگ کا معاملہ بھی تفصیلی زیر بحث آیا۔ایم ڈی نے مزید کہا کہ مستقبل میں ہمیں اپنے نیٹ ورک سے گھریلو صارفین کو منقطع کرنے اور لائن لاسز کو بچانے کیلئے ایل پی جی سلنڈرز میں شفٹ کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے ۔قبل ازیں کامران عربی نے ایم ڈی ایس ایس جی سی عمران منیار کا خیرمقدم کرتے ہوئے سائٹ ایریا کی صنعتوں کے لیے گیس پائپ لائن بچھانے کے لیے 3 سال قبل کیے گئے وعدے کو پورا کرنے پر انہیں مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ جب ابتدائی طور پر پائپ لائن کا وعدہ کیا گیا تھا تو ایسا لگتا تھا کہ یہ ایک خواب ہے تاہم عمران منیارنے اس خواب کو پورا کردکھایا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں