اسٹاک مارکیٹ :شرح سود میں کمی کے باوجود مندی کا رجحان غالب

اسٹاک مارکیٹ :شرح سود میں کمی کے باوجود مندی کا رجحان غالب

کراچی(بزنس ڈیسک)شرح سود میں ایک فیصد کمی کے باوجود اسٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے بعد مندی کے بادل چھائے رہے۔ منگل کو مندی کے سبب 54 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے 43 ارب 3 کروڑ 14 لاکھ 17 ہزار 491 روپے ڈوب گئے۔

کاروبار کا آغاز اگرچہ 499 پوائنٹس کی تیزی سے ہوا لیکن سیاسی دھرنے ، عدالت میں مختلف کیسز کی سماعت اور پرافٹ ٹیکنگ کے سبب جاری تیزی مندی میں تبدیل ہوگئی اور شرح سود میں کمی کے مثبت اثرات مارکیٹ پر مرتب نہ ہوسکے ۔ ایک موقع پر 310 پوائنٹس کی مندی بھی ہوئی ،تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر دوبارہ خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مندی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ،نتیجتاً کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 198.94 پوائنٹس کی کمی سے 78628.81 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ کے ایس ای 30 انڈیکس 4.46 پوائنٹس کی کمی سے 25330.11 پوائنٹس، کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 206.19 پوائنٹس کی کمی سے 49892.37 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 696.62 پوائنٹس کی کمی سے 124234.23 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم پیر کی نسبت 16 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 31 کروڑ 30 لاکھ 85 ہزار 457 حصص کے سودے ہوئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں