پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں 60 فیصد اضافہ
اسلام آباد(اے پی پی)پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں جولائی کے دوران سالانہ بنیادوں پر 60 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ادارہ شماریات اور انڈسٹری کے مطابق جولائی میں پٹرولیم مصنوعات کی مجموعی درآمدات کاحجم 1.266 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو 60 فیصد زیادہ ہے ۔ گزشتہ سال جولائی میں پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات پر 791 ملین ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا تھا۔ جون کے مقابلے میں جولائی میں پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں 19 فیصد کی کمی ہوئی۔ جون میں 1.571 ارب ڈالر مالیت کی مصنوعات درآمد کی گئیں جو جولائی میں کم ہو کر 1.266 ارب ڈالر ہو گئی۔جولائی میں خام تیل کی درآمدات پر 361 ملین ڈالر ، ایل این جی 322 ملین ڈالراور ایل پی جی کی درآمدات پر 74 ملین ڈالرکا زرمبادلہ خرچ ہوا۔ گزشتہ سال جولائی میں خام تیل کی درآمدات پر 50 ملین ڈالر، ایل این جی 340 ملین ڈالر اور ایل پی جی کی درآمدات پر 45 ملین ڈالر کازرمبادلہ خرچ ہوا۔