خشک میوہ جات کی ویلیو ایڈیشن کیلئے چینی کمپنی کیساتھ معاہدہ
اسلام آباد(اے پی پی)خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل(ایس آئی ایف سی)کے تحت خشک میوہ جات کی ویلیو ایڈیشن اور برآمدات کیلئے چینی کمپنی کیساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔۔۔
شراکت داری کا مقصد خشک میوہ جات خصوصا چلغوزے اور پستے کی پراسیسنگ، ویلیو ایڈیشن اور سالانہ 50 کروڑ ڈالر کی برآمد ات میں اضافہ ہے، منصوبے سے جنوبی وزیرستان کے عوام کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ ون ونڈو سرمایہ کاری کی سہولت فراہم کرنے والی تنظیم، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل(ایس آئی ایف سی)کے مطابق یہ معاہدہ خشک میوہ جات کی پراسیسنگ، ویلیو ایڈیشن، اور برآمدات کے فروغ کیلئے ایک اہم قدم ہے، جس میں خصوصی طور پر چلغوزے اور پستے شامل ہیں۔ چینی کمپنی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں تاکہ ان میوہ جات کی پراسیسنگ کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے اور عالمی منڈی میں ان کی مانگ کو پورا کیا جاسکے۔ منصوبے کا مقصد سالانہ 50 کروڑ ڈالر کی برآمدات کو حاصل کرنا ہے جو معیشت کیلئے ایک مثبت قدم ثابت ہوگا۔