کریڈٹ کارڈز سے خریداری و ادائیگیوں میں 27.6فیصد اضافہ

 کریڈٹ کارڈز سے خریداری و ادائیگیوں میں 27.6فیصد اضافہ

اسلام آباد(اے پی پی)کریڈٹ کارڈز کے ذریعے خریداری اورادائیگیوں میں ستمبرکے دوران سالانہ بنیادوں پر27.6فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے ۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعدادوشمارکے مطابق ستمبرمیں صارفین نے کریڈٹ کارڈزکے ذریعے 132ارب روپے کی خریداری وادائیگی کی جوگزشتہ سال ستمبرکے مقابلہ میں 27.6فیصدزیادہ ہے ، گزشتہ سال ستمبرمیں صارفین نے کریڈٹ کارڈزکے ذریعہ 103 ارب روپے کی خریداری وادائیگی کی تھی، اگست کے مقابلہ میں ستمبرمیں کریڈٹ کارڈز کے ذریعہ خریداری اورادائیگیوں میں ماہانہ بنیادوں پر2.8فیصدکااضافہ ہوا، اگست میں صارفین نے کریڈٹ کارڈز کے زریعہ 128 ارب روپے کی خریداری اورادائیگیاں کیں۔ اعدادوشمارکے مطابق ستمبر کے اختتام پر نجی شعبہ کو بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ مجموعی قرضہ جات کا حجم 8412 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال ستمبر کے مقابلہ میں 4.9 فیصد زیادہ ہے ،گزشتہ سال ستمبر کے اختتام پر نجی شعبہ کو بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ قرضہ جات کا حجم 8020 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا،اگست کے مقابلہ میں نجی شعبہ کو بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ قرضہ جات میں ماہانہ بنیادوں پر 2.1 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے ۔اعدادوشمارکے مطابق ستمبر میں بینکوں کی جانب سے نجی شعبہ کے کا روبار کو فراہم کردہ قرضہ جات کا حجم7237 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال ستمبر کے مقابلہ میں 5.20 فیصد زیادہ ہے ۔گزشتہ سال ستمبر کے اختتام پر نجی شعبہ کے کا روبار کو بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ مجموعی قرضہ جات کا حجم 6880 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں