اکتوبر:سیمنٹ کی فروخت میں 8.74فیصد اضافہ ریکارڈ
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)رواں سال اکتوبر 2024 کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت 8.74فیصد اضافے سے 4.357ملین ٹن رہی جو گزشتہ سال اکتوبر میں 4.006ملین ٹن رہی تھی۔۔
اس دوران سیمنٹ کی ایکسپورٹ میں نمایاں اضافہ جبکہ مقامی کھپت میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق سیمنٹ کی مقامی فروخت اکتوبر 2024میں 3.276ملین ٹن رہی جو اکتوبر 2023میں 3.292ملین ٹن رہی تھی۔ یہ اعدادوشمار 0.49فیصد کمی کو ظاہر کرتے ہیں۔ اکتوبر 2024کے دوران سیمنٹ کی ایکسپورٹ 51.29 فیصد اضافہ سے 10لاکھ 80ہزار 691 ٹن رہی جو اکتوبر 2023میں 7لاکھ 14ہزار 325ٹن رہی تھی۔ رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت بشمول مقامی اور ایکسپورٹ 7.92فیصد کمی سے 14.633ملین ٹن رہی ۔چار ماہ کے دوران مقامی فروخت 15.02فیصد کمی سے 11.410 ملین ٹن رہی۔ پہلے چار ماہ میں سیمنٹ کی ایکسپورٹ 30.74فیصد اضافہ سے 3.223ملین ٹن رہی۔