اسٹاک ایکسچینج:نیاریکارڈ،97ہزار پوائنٹس کی حد بھی عبور

اسٹاک ایکسچینج:نیاریکارڈ،97ہزار پوائنٹس کی حد بھی عبور

کراچی (آن لائن) پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ایک اور نیا ریکارڈ بن گیا، ملکی تاریخ میں پہلی بار مارکیٹ 97 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی عبور کرگئی۔

اس دوران سرمایہ کاروں کو 196 ارب روپے کا منافع ہوا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 125 کھرب روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ 54.48 فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ ماہرین کے مطابق آرمی چیف کے ساتھ بزنس کمیونٹی کی ملاقات میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی یقین دہانی ، معاشی حالات میں مسلسل بہتری، آئندہ ماہ شرح سود میں کمی کا مزید امکان، ایف ڈی آئی اور ترسیلات زر میں اضافہ، آذر بائیجان کی پاکستا ن کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی منظوری کے بعد مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1781 پوائنٹس کے اضافے سے 97 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کرتے ہوئے 97 ہزار 328 پوائنٹس کی بلند سطح پربند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 614 پوائنٹس کے اضافے سے 30 ہزار 192 پوائنٹس پر جاپہنچا جبکہ آل شیئرز انڈیکس 61 ہزار 182 پوائنٹس سے بڑھ کر 62 ہزار 1332 پوائنٹس پر بند ہوا۔ جمعرات کو 35 ارب روپے مالیت کے 96 کروڑ 99 لاکھ 7 ہزار حصص کے سودے ہوئے ۔ مجموعی طور پر 457 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 249 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 167 میں کمی اور 41 میں استحکام رہا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں