سکیورٹی فورسز کا بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ، 3 خوارج ہلاک، دو زخمی
راولپنڈی : (دنیانیوز) سکیورٹی فورسز کی جانب سے ضلع بنوں میں آپریشن کے دوران 3 خوارج ہلاک اور دو زخمی ہوگئے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا ہے، کارروائی کے نتیجے میں 3 خوارج ہلاک اور 2 زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران ہتھیار،گولیاں،دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ، خوارج سکیورٹی فورسز پر حملوں اورمعصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کاکہنا ہے کہ علاقے میں چھپے خارجیوں کو ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے ، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
صدر مملکت اور وزیرداخلہ کا کامیاب کارروائی پرسکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بنوں میں خوارج کے خلاف کامیاب کاروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے ۔
صدر مملکت نے کارروائی کے دوران 3 خوارج جہنم واصل، 2 زخمی کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا، انہوں نے فتنۃ الخوارج کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی جانب سے کاروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بنوں میں 3 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کوخراج تحسین اور شاباش دی ، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے ہر موقع پر بہادری اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے، بنوں میں 3 خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے والی سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر ناز ہے۔
محسن نقوی کاکہنا تھا کہ خوارجی دہشتگرد پاک دھرتی کا بوجھ ہیں ، قوم کی حمایت سے اس ناسور کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کیا جائے گا۔