پنجاب میں وسیع مواقع ،چینی گروپ سرمایہ کاری کرے ،شافع حسین
لاہور(اے پی پی)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے چین کی شنگائی ٹیکنالوجی اور ذیجیانگ بیسٹ وے این ویٹیک کمپنیوں کے ماہرین اور۔
حکام نے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں ملاقات کی جس میں صوبے میں سرمایہ کاری کے مواقع، ماحولیاتی آلودگی، گاربیج سے بجلی بنانے اور واٹر ٹریٹمنٹ کے معاملات پر بات چیت ہوئی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، یہاں سرمایہ کاری پر 10سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری کی درآمد کی سہولت موجود ہے ، چین کا گروپ پنجاب میں ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹ لگائے ،ہرممکن سہولت دیں گے ،چین کی کمپنیاں ٹیوٹا کے ساتھ اشتراک بھی کرسکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیوٹا کے اداروں میں 91ہزار سے زائد طلبہ تربیت حاصل کر رہے ہیں،چین کی کمپنیاں ٹیوٹا کے اداروں میں بچوں کو تربیت کی فراہمی میں اشتراک کا جائزہ لیں،ہم چین کی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں،صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت اسموگ کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے موثر ایکشن پلان پر عمل پیرا ہے ،سموگ سیزن شروع ہونے سے قبل ہی انڈسٹری کو تحفظ ماحولیات ایس او پیز پر عملدرآمد کے نوٹسز جاری کئے گئے ۔چائنیز کمپنیز کے حکام کا کہنا تھا کہ پنجاب میں انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں،پنجاب حکومت کے ساتھ ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ اور دیگر سیکٹرز میں تعاون کریں گے۔