پاک،بیلاروس اقتصادی تعلقات مزید مستحکم کئے جائیں ،یوبی جی
کراچی(آئی این پی)بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشنکو کا پاکستان کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری میں نئے دور کا آغاز کرنے کی توقع ہے ۔
یہ بات یونائٹیڈ بزنس گروپ (یو بی جی)کے صدر زبیر طفیل،چیئرمین (سندھ)خالد تواب،سیکریٹری جنرل(سندھ)حنیف گوہر اور کورکمیٹی ممبروسابق سینئرنائب صدر ایف پی سی سی آئی سید مظہر علی ناصر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہی۔زبیرطفیل نے کہا کہ بیلاروس کے وفد کا دورہ دوطرفہ تجارت کو بڑھانے اور اقتصادی تعاون کے نئے شعبوں کی تلاش کے لیے ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے ، اس وقت دوطرفہ تجارت تقریباً 50 ملین ڈالر ہے ، جو دونوں ممالک کی صلاحیت کے مقابلے میں بہت کم ہے۔ زبیر طفیل نے کہا کہ تجارت کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازوں اور روڈ ٹرانسپورٹیشن کے روابط کا قیام ضروری ہے ، اس سے کاروباری افراد کو ایک دوسرے کے ساتھ مضبوط تعلقات قائم کرنے میں مدد ملے گی۔