پاکستان ،ایتھوپیا کا کنٹری نمائش کیلئے تعاون بڑھانے کا فیصلہ
اسلام آباد (نمائندہ دنیا)ایتھوپیا اور پاکستان نے ادیس ابابا، ایتھوپیا میں اگلے سال ہونے والی سنگل کنٹری نمائش کے کامیاب انعقاد کے لیے دو طرفہ تعاون کوبڑھانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ دونوں ممالک کے تاجروں کی بڑی تعداد اس میں شرکت کر سکے ۔
یہ فیصلہ ایتھوپیا کے پاکستان میں سفیر ڈاکٹر جمال بکر عبداللہ اور پاکستان کے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کے درمیان ملاقات کے دوران کیا گیا۔ملاقات میں دونوں فریقین نے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور دوطرفہ تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ جام کمال نے کہا کہ وزارت تجارت اور پاکستان کی ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی ادیس ابابا میں سنگل کنٹری نمائش کے حوالے سے تیاریاں کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان افریقہ کے ساتھ روابط بڑھانے اور تعلقات مضبوط کرنے کے لیے پُرعزم ہے ۔ ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال عبداللہ نے کہا کہ ایتھوپیا اور پاکستان کے درمیان ہفتے میں چار پروازیں چل رہی ہیں۔ جلد ہی لاہور اور اسلام آباد سے بھی براہ راست پروازیں شروع کی جائیں گی۔