ڈالر کے مقابلے روپیہ تگڑا ،تولہ سونا1700روپے سستا
کراچی (بزنس ڈیسک)انٹربینک میں ڈالر کے مقابلے میں روپیہ تگڑا رہا،ادھرسونے کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ۔اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں ڈالر8پیسے کی کمی سے 277.97 روپے پر آگیا ۔
ماہرین کے مطابق روس کی پاکستان کے انفرا اسٹرکچر پراجیکٹس میں متوقع سرمایہ کاری، دونوں ممالک میں باضابطہ بینکاری سسٹم شروع ہونے کی توقعات اور افراط زر کی شرح 4.9فیصد کے ساتھ 79ماہ کی کم ترین سطح پر آنے جیسے عوامل کے باعث ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا جس سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 278روپے سے نیچے آگئے اور اوپن ریٹ بھی 279روپے سے نیچے آگئے ۔دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 17 ڈالر کی کمی سے 2،633 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں کمی کے باعث مقامی سطح پربھی فی تولہ سونا 1700 روپے کی کمی سے 2 لاکھ 74 ہزار 500 روپے کا ہوگیا۔اسی طرح دس گرام سونا 1457 روپے کی کمی سے 2 لاکھ 35 ہزار 340 روپے پر آگیا۔ چاندی کی فی تولہ قیمت 3 ہزار 400 روپے پر مستحکم رہی۔