یو بی جی کا شرح سود میں 500بیسز پوائنٹس کمی کا مطالبہ
کراچی (آن لائن )یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر نے نومبر 2024 میں سی پی آئی میں کمی کے بعد پالیسی ریٹ میں 500 بیسز پوائنٹس کی کمی کا مطالبہ کر دیا۔ ایس ایم تنویر نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے۔۔
کہ وہ معاشی ترقی کی حمایت کیلئے پالیسی ریٹ میں 500 بیسز پوائنٹس کی کمی کرے ۔ نومبر 2024 میں مہنگائی کی شرح سالانہ بنیاد پر 4.9 فیصد رہ گئی ، جو پچھلے مہینے کی 7.2 فیصد شرح کے مقابلے میں نمایاں کمی ہے ۔ایس ایم تنویر نے کہا کہ یہ کمی بینک مارک اپ ریٹ کو دوبارہ سنگل ڈیجٹ میں لانے میں مدد دے گی جس سے کاروبار اور صارفین کیلئے قرضوں کی دستیابی آسان اور سستی ہو جائے گی۔ کم شرح سود سرمایہ کاری کو بڑھانے ، اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور ہماری قوم کی مجموعی خوشحالی میں معاون ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پی آئی میں نمایاں کمی ہماری اقتصادی استحکام میں بڑی بہتری کی علامت ہے اور حالیہ پالیسی اقدامات کی مؤثریت کو ظاہر کرتی ہے ۔