اسٹاک ایکسچینج ،مندی کے بادل چھٹ گئے ،3حدیں بحال
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کو تیزی کا رجحان رہا ۔کے ایس ای 100انڈیکس کی 1لاکھ 7ہزار، 1لاکھ 8ہزار اور 1لاکھ 9ہزار پوائنٹس کی 3 سطحیں بحال ہوگئیں۔
،اس دوران سرمایہ کاروں کو381ارب روپے کا منافع ہواجبکہ 61فیصدحصص کی قیمتیں بڑھ گئیں ۔تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل تین روزہ تاریخ ساز مندی کے بعد بینکوں، بروکریج ہاوسز اور انفرادی کمپنیوں کی جانب سے خریداری ریکارڈ کی گئی ۔ سال کے اختتام کی وجہ سے حصص کی آف لوڈنگ اور غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے سرمائے کا انخلا ہونے سے کاروبار کے دوران ایک موقع پر 674پوائنٹس کی مندی بھی ہوئی تاہم دوسرے سیشن میں آئل اینڈ گیس، فرٹیلائزر، بینکنگ، سیمنٹ اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری حجم بڑھنے سے انڈیکس 3571 پوائنٹس کی بڑی نوعیت کی تیزی بھی ریکارڈ کی گئی تاہم اختتامی لمحات میں دوبارہ پرافٹ ٹیکنگ سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی ۔ کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 3238 پوائنٹس کے اضافے سے 109513 پوائنٹس کی سطح پر جاپہنچا،اسی طرح کے ایس ای 30 اورآل شیئرز انڈیکس میں بھی تیزی ہوئی۔ کاروباری حجم 35فیصد کم رہا ۔ 75کروڑ 49لاکھ 17ہزار 969 حصص کے سودے ہوئے ۔مجموعی طور پر 459کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 281کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،119میں کمی اور59میں استحکام رہا۔