ڈیجیٹل ادائیگیوں کے حجم ،مالیت میں 9فیصداضافہ
کراچی(بزنس رپورٹر )اسٹیٹ بینک نے مالی سال 25کی پہلی سہ ماہی نظام ادائیگی کا جائزہ جاری کردیا ۔
رپورٹ میں کیش لیس اورڈیجیٹل لحاظ سے معیشت میں نمایاں پیش رفت کو اجاگرکیا گیا ۔جولائی تا ستمبر ڈیجیٹل ادائیگیوں میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ کیش کے ذریعے ادائیگیوں کا حجم 8 فیصد بڑھ گیا۔ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے حجم اورمالیت 9 فیصد اضافہ ہوا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ڈیجیٹل بینکنگ کی مالیت 36 ٹریلین روپے تک جا پہنچی۔ موبائل بینکاری ایپس کے صارفین کی مجموعی تعداد 4 فیصد اضافے سے 96.5 ملین تک ریکارڈ کی گئی۔ موبائل بینکاری ایپس کے ذریعے ہونے والی ٹرانزیکشنز میں حجم کے لحاظ سے 11 فیصد اور مالیت کے لحاظ سے 14 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سہ ماہی کے دوران ہونے والی 118 ملین آن لائن ای کامرس ادائیگیوں میں سے 91فیصد ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے کی گئیں۔ پوائنٹ آف سیل ٹرمینلز کی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار سے بڑھ گئی جن کے ذریعے 429 ارب کی 8کروڑ30لاکھ ٹرانزیکشنزہوئیں۔