فیڈریشن کی فیسوں میں 100فیصداضافہ غیر منصفانہ قرار
کراچی(این این آئی)وفاقی چیمبر کے سابق نائب صدر اور اٹک چیمبر کے بانی صدر مرزا عبدالرحمن نے کہا ہے کہ ایف پی سی سی آئی کی جانب سے مختلف فیسوں میں سو فیصد اضافہ کو مسترد کرتے ہیں ۔
اخراجات میں کمی کے بجائے انہیں بڑھایا جا رہا ہے جسے پورا کرنے کے لئے تاجروں اور صنعتکاروں کو ہدف بنایا جا رہا ہے جو ناقابل برداشت ہے ۔ مرزا عبدالرحمان نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ ایف پی سی سی آئی فیس کے ڈھانچے میں ایک سو فیصد اضافہ سے تجارتی انجمنوں اور تاجر برادری کے ارکان پر اضافی بوجھ پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ(یو بی جی)نے ایف پی سی سی آئی میں پانچ سال کے وقفے کے بعد دوبارہ اقتدار سنبھالا ہے کیونکہ ووٹرز نے اسے ناقص کارکردگی کی وجہ سے مسترد کر دیا تھا۔مگر اقتدار سنبھالنے کے بعد وہی کام شروع کر دیے گئے ہیں جس کی وجہ سے انہیں مسترد کیا گیا تھا جو افسوسناک ہے ۔