اسٹاک ایکسچینج:مندی برقرار،انڈیکس1904پوائنٹس گنوابیٹھا
کراچی(آن لائن)اسٹاک ایکسچینج بدھ کو بھی مندی کارجحان برقراررہا۔کے ایس ای 100 انڈیکس 1904 پوائنٹس کی کمی سے ایک لاکھ 15 اور ایک لاکھ 16ہزار کی دونفسیاتی حد گنوا کر 1 لاکھ 14 ہزار 148 پوائنٹس پر بندہوا۔۔۔
اس دوران سرمایہ کاروں کو 204ارب روپے کا خسارہ ہوا جب کہ63فیصدحصص کی قیمتیں گرگئیں ۔تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں اگرچہ کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا اور انڈیکس 1400پوائنٹس بڑھ گیا تاہم بلند قیمت کے حصص کی فروخت سے مارکیٹ تنزلی کا شکار ہو گئی اور انڈیکس 1 لاکھ 13 ہزار 847پوائنٹس کی پست سطح تک گر گیا۔ کاروبار کے اختتام سے قبل مارکیٹ میں ریکوری دیکھی گئی اور انڈیکس 1لاکھ14ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حدپر بحال تو ہو گیا مگر مارکیٹ منفی زون میں رہی ،آٹو موبائل اسمبلرز ،آٹوموبائل پارٹس ،سیمنٹ ،کیمیکل،کمرشل بینکوں اور آئل اینڈ گیس مارکیٹنگ کمپنیوں میں فروخت کا دباؤزیادہ رہا۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 30 انڈیکس 625پوائنٹس کی کمی سے 35ہزار952پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس 71ہزار761پوائنٹس سے کم ہوکر 70 ہزار 743 پوائنٹس پر بندہوا۔ بدھ کو 32ارب روپے مالیت کے 1 ارب 9 کروڑ 99 لاکھ حصص کے سودے ہوئے ۔ مجموعی طورپر 464کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہواجس میں سے 118کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 293 میں کمی اور53کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔