فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے لکی مروت سے 17 سویلین ورکر اغوا کر لیے، 8 بازیاب

لکی مروت: (دنیا نیوز) فتنہ الخوارج نے لکی مروت سے 17 سویلین ورکرز کو اغوا کر لیا جن میں سے 8 کو بازیاب کرا لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق آج دن کے وقت فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے ضلع لکی مروت کے علاقے کبل خیل میں 17 سویلین ورکرز کو بھتہ خوری کے لئے اغوا کر لیا، اغوا ہونے والے سویلین ورکرز نہتے تھے۔

فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے سویلین ورکرز کو اغوا کرنے کے بعد وہاں کے مقامی ٹھیکیدار کی گاڑی کو بھی آگ لگا دی، فتنہ الخوارج کی اِن پاکستان اور عوام دشمن بہیمانہ کارروائیوں کا دین اور اسلامی اقدار سے کوئی تعلق نہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اب تک 8 مغوی ورکرز کو بحفاظت باز یاب کروا لیا ہے، باقی نہتے ورکرز کو بھی باز یاب کروا لیا جائے گا۔

اس سلسلے میں آپریشن جاری ہے، اس بہیمانہ اقدام کرنے والے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں