نوبیاہتا جوڑے کا سڑکوں پر گھوم کر شادی منانے کا انوکھا انداز، ویڈیو وائرل
قاہرہ: (ویب ڈیسک) اکثر لوگ اپنی شادی کی تقریب کو یادگار منانے کیلئے طرح طرح کے جتن کرتے ہیں، ہر جوڑے کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ ان کی زندگی کا یہ دن خود انہیں اور ان سے وابستہ لوگوں کو ہمیشہ یاد رہے۔
کچھ ایسا ہی ایک مصری جوڑے نے کیا جو اس سے قبل شاید کسی نے سوچا بھی نہ ہو۔
مصر سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے نے اپنی شادی کے موقع کو یادگار بنانے کا انوکھا طریقہ اپنایا اور دولہا دلہن صبح صبح قاہرہ کی سڑکوں پر گھومتے رہے اور لوگوں سے خوب مبارکباد وصول کی۔
اس حوالے سے مقامی فوٹو گرافر احمد محمد عبدالسید نے بتایا کہ نوبیاہتا جوڑا مصطفیٰ اور یاسمین مینوفیہ گورنری سے آئے تھے اور انہوں نے ان سے قاہرہ کے مرکزی شہر کی مشہور گلیوں میں ان کی تصویر کشی کرنے کو کہا تھا۔
احمد محمد عبدالسید نے بتایا کہ یہ انداز میرے لئے بھی بہت انوکھا اور نیا تھا کیونکہ بغیر کسی دعوت کے لوگ ان کے ارد گرد اور شہر کی سڑکوں اور چوکوں پر انہیں ملتے رہے، اس موقع پر انہوں نے خوبصورت یادگاری تصاویر اور ویڈیوز بنوائیں۔
فوٹوگرافر نے مزید بتایا کہ نوبیاہتا جوڑے نے شادی کے اخراجات کم کرنے کا فیصلہ کیا اور شادی کیلئے جمع رقم کو عمرہ کرنے کیلئے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ ان کی ازدواجی زندگی شروع سے ہی خوشگوار رہے۔
عبدالسید نے مزید کہا کہ انہوں نے یہ فوٹو سیشن صبح چھ بجے شروع کیا، جب وہ اس جوڑے کے ساتھ باہر گئے، لیکن مصری عوام کا اس جوڑے کے بارے میں ردعمل تمام توقعات سے بالاتر تھا۔
کار ڈرائیوروں نے نوبیاہتا جوڑے کو خوش آمدید کہا اور گاڑیوں کے ہارن بجا کر راہگیروں نے نوبیاہتا جوڑے کو مبارکباد پیش کی جبکہ بعض خواتین نے جوڑے کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔