لبنان میں آرمی چیف جنرل جوزف عون ملک کے صدر منتخب
بیروت: (دنیا نیوز) لبنان کے آرمی چیف جنرل جوزف عون ملک کے صدر منتخب ہوگئے۔
صدر کے انتخاب کے لیے آج ہونے والے پارلیمنٹ کے اجلاس میں لبنانی پارلیمنٹ کے 128 ارکان میں سے 99 ارکان نے جنرل جوزف عون کے حق میں ووٹ دیا۔
جنرل جوزف عون ووٹنگ کے پہلے مرحلے میں دوتہائی اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔
خیال رہے کہ سابق صدر میشیل عون کی مدت صدارت اکتوبر 2022 میں ختم ہوگئی تھی جس کے بعد سے لبنان میں صدر کا عہدہ خالی تھا۔
حزب اللہ کے حمایت یافتہ صدارتی امیدوار سلیمان فرنجيہ گزشتہ روز جوزف عون کے حق میں دستبردار ہوگئے تھے۔
60 سالہ جنرل جوزف عون نے مارچ 2017 لبنانی فوج کی کمان سنبھالی تھی، صدر منتخب ہونے کے بعد پارلیمنٹ سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ وہ عرب ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کرنے کے لیے کام کریں گے۔