سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں آج سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ آج سے شروع ہونے کا امکان ہے جو اتوار تک جاری رہے گا۔

سعودی عرب کے قومی مرکز برائے موسمیات کے ترجمان حسین القحطانی نے بتایا کہ مکہ مکرمہ ریجن کے مختلف علاقوں میں ہلکی اوردرمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے جبکہ کہیں کہیں ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔

موسمیاتی رپورٹ میں کہا گیا کہ مدینہ منورہ ریجن کے متعدد علاقے بھی بارش اور گرد وغبار کی لپیٹ میں رہیں گے جبکہ ریاض میں بھی ہلکی اور درمیانے درجے کی بارش کے علاوہ تیز گرد آلود ہوا اور کہیں کہیں ژالہ باری کا امکان ہے۔

مشرقی ریجن کے علاوہ عسیر، تبوک، قصیم ، حائل، الباحہ، حدود الشمالیہ، الجوف اور جازان میں بھی کہیں ہلکی جبکہ بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں