پاکستان کے تمام شہروں میں پاسپورٹس ڈلیوری کاؤنٹرز 24 گھنٹے فعال رکھنے کا فیصلہ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کے تمام شہروں میں پاسپورٹس ڈلیوری کاؤنٹرز 24/7 فعال رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
ڈی جی پاسپورٹس کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے تمام زونل ہیڈز کو احکامات جاری کر دیئے گئے، شہری اب ملک بھر کے 227 پاسپورٹ دفاتر میں کسی بھی وقت پاسپورٹ وصول کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فیصلہ شہریوں کو پاسپورٹس کا بروقت اجرا یقینی بنانے کے لیے کیا گیا، اس وقت ملک بھر میں پاسپورٹ کا بیک لاگ مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔
ڈی جی پاسپورٹس نے کہا کہ شہری اپنے پاسپورٹس وصول کرنے کے لیے متعلقہ پاسپورٹ دفاتر کا رُخ کریں، پاسپورٹس اجرا میں تاخیر کی صورت میں شہری ہمیں لازمی آگاہ کریں۔