جلسے ملتوی کرانے کیلئے جیل کے دروازے کھلتے ہیں، اب کیوں نہیں؟ شیخ وقاص اکرم
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ جلسے کو ملتوی کرانے کے لیے جیل کے دروازے کھلتے ہیں اب کیوں نہیں؟۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ حکومت بانی سے ایک ملاقات نہیں کرا سکی، ہمارے مطالبات پر عملدرآمد کیسے کرائے گی؟ حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ بانی کوجیل میں ملنےوالی سہولیات سے متعلق جھوٹ بولا جا رہا ہے، بانی کو جیل میں سہولیات نہیں دی جارہیں، دہشت گردوں کے ڈیتھ سیل میں بانی کو رکھا ہوا ہے، سابق وزیراعظم کو اخبارات، ٹی وی کی بھی سہولیات میسر نہیں۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود بانی پی ٹی آئی کی بچوں سے بھی بات نہیں کرائی جا رہی، یہ ٹی وی پر آکر جیل سہولیات کے حوالے سے جھوٹ بولتے ہیں، نوازشریف کو جیل میں گھر کا پکا ہوا کھانا دیا جاتا تھا، بانی پی ٹی آئی نہیں جھکے گا۔
سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی نے بتایا کہ بانی نے کہا جن لوگوں نے زیادتیاں کیں انہیں معاف کرتا ہوں، اٹک اور جہلم کی جیلوں میں کارکنوں سے ناروا سلوک کیا جا رہا ہے، جیل میں کارکنوں کو گندا کھانا دیا جاتا ہے، جیل میں کارکنوں کو علاج کی سہولیات بھی نہیں دی جارہیں۔
انہوں نے کہا کہ کبھی بیک ڈور رابطوں کا الزام لگایا جاتا ہے، قوم کے پاس تمہارے شوشے سننے کا وقت نہیں، اپنی حکومت والے صوبے میں یہ بانی سے تاحال ملاقات نہیں کرا سکے، ہم نےکمیٹی مذاکرات کے لیے بنائی تاکہ تلخیاں نہ بڑھیں۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سپریم کورٹ اور نیب دفتر پر حملے کی معافی مانگے، مذاکراتی کمیٹی کی بانی سے ملاقات بہت اہم ہے، ہم چاہتے ہیں مذاکراتی کمیٹی کی بانی سے ملاقات کرائی جائے، علاج کی بات کرنے والوں کو اپنے ذہنی علاج کی ضرورت ہے، ان کے ذہن کا علاج پاکستان کے عوام نے 8 فروری کو کر دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے کارکنوں کے لیے انصاف مانگ رہے ہیں، ہم ڈیل نہیں مانگ رہے، اسی لیے ہم جوڈیشل کمیشن کی بات کر رہے ہیں۔