اسٹاک ایکسچینج: تیزی، 62فیصدحصص کی قیمتیں بڑھ گئیں

کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج میں تین روزہ مندی کے بعدتیزی کی واپسی ہوگئی ۔کے ایس ای 100انڈیکس 1700سے زائد پوائنٹس کے اضافے سے۔
1لاکھ13ہزار کی سطح پر جاپہنچا، اس دوران سرمایہ کاروں کو 217ارب روپے سے زائدمنافع ہوا جب کہ 62فیصدحصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں ۔تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو کاروبارکا آغاز مثبت زون میں ہوا۔ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 100انڈیکس 1900سے زائد پوائنٹس کے اضافے سے دن کی بلندترین سطح 1 لاکھ 13 ہزار 400 پوائنٹس کی سطح پر جاپہنچا۔ماہرین کے مطابق امریکی سرمایہ کاروں کا پاکستانی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے کا اعلان ، ماری پٹرولیم کے حصص میں بہتری سمیت بینکوں کے مثبت مالیاتی نتائج اسٹاک ایکسچینج کو تیزی کی جانب گامزن کرگئے ۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 1719 پوائنٹس کے اضافے سے 1 لاکھ13 ہزار 206 پوائنٹس پربند ہوا،اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 630.83 پوائنٹس کے اضافے سے 35565 پوائنٹس ، آل شیئرز انڈیکس 1093 پوائنٹس کے اضافے سے 70112 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30انڈیکس 3733.15پوائنٹس کے اضافے سے 171199 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم بدھ کی نسبت 8فیصد زائد رہا ۔جمعرات کو 48کروڑ 39 لاکھ 39ہزار 931 حصص کے سودے ہوئے ۔