سونے کی قیمت تاریخ کی بلندترین سطح پر ،ڈالر مہنگا

کراچی (بزنس رپورٹر ) سونے کی قیمت جمعرات کو تاریخ کی بلند ترین سطح پرپہنچ گئی، ادھر انٹربینک میں ڈالر کی قدربڑھ گئی ۔
جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر مستحکم رہا۔عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 15 ڈالر کے اضافے سے 2778 ڈالرفی اونس کا ہوگیا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں اضافے کے باعث مقامی سطح پربھی فی تولہ سونا 1600روپے کے نمایاں اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار 2 لاکھ 90 ہزار 300روپے کی بلند ترین سطح پر جاپہنچا۔اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت 1372روپے کے بڑے اضافے سے پہلی بار2 لاکھ 48 ہزار 885 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔دریں اثنا چاندی کی فی تولہ قیمت59 روپے کے اضافے سے 3 ہزار 450 روپے ہوگئی ۔ماہرین کے مطابق چینی نیو ایئر کی وجہ سے دنیابھر میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے ۔ادھر اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں ڈالر10پیسے کے اضافے سے 278.97روپے پر جاپہنچا۔فاریکس رپور ٹ کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر280.82روپے پرمستحکم رہا۔