پی ایل جی ایم ای اے کے وفد کی چیف ایگزیکٹو ٹڈاپ سے ملاقات

کراچی(بزنس ڈیسک)پاکستان لیدر گارمنٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی ایل جی ایم ای اے )کے وفد نے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ)کے ہیڈکوارٹر کراچی میں چیف ایگزیکٹو ٹڈاپ فیض احمد سے ملاقات کی۔۔۔
وفد میں چیئرمین پی ایل جی ایم ای اے ساؤتھ فاروق احمد، کنوینرٹڈاپ افیئرز کمیٹی سید شجاعت علی، سینئر وائس چیئرمین ناصر حمید اور سیکرٹری جنرل جناب اقبال اعوان شامل تھے ۔ملاقات کے دوران چیف ایگزیکٹو ٹڈاپ نے چمڑے کی صنعت کی ترقی کیلئے ادارے کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا اور برآمدات کے فروغ کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ اجلاس میں پاکستانی لیدر ایکسپورٹرز کی آئندہ بین الاقوامی تجارتی نمائشوں میں شرکت پر خصوصی گفتگو کی گئی، جن میں خاص طور پر اپریل 2025 میں منعقد ہونے والی لی شو ماسکو(روس) اور کینٹن فیئر(چین)شامل ہیں۔ فیض احمد نے اس بات کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا کہ ان اہم تقریبات میں پاکستانی کاروباری اداروں کی شرکت میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے ۔انہوں نے مزید کہا کہ روسی نمائشوں میں شرکت کرنے والے پاکستانی نمائندوں کے نمونہ سامان کی کسٹم کلیئرنس کے مسائل کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لیے روسی حکام سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔علاوہ ازیں چیف ایگزیکٹو ٹڈاپ نے یقین دلایا کہ پی ایل جی ایم ای اے کی جانب سے پیش کیے گئے تجاویز کو ٹی ڈی اے پی کے سالانہ بزنس پلان 2025-26 میں مثبت انداز میں شامل کرنے پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ٹڈاپ حکومت کی برآمدات کے فروغ اور عالمی منڈیوں میں پاکستان کی موجودگی کو مستحکم کرنے کی پالیسی کے تحت سرگرم عمل ہے ۔پی ایل جی ایم ای اے کے وفد نے ٹی ڈی اے پی کی مسلسل حمایت اور صنعتی مسائل کے حل کے لیے فعال رویے کو سراہا۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ٹی ڈی اے پی کی سہولت کاری کے ساتھ، پاکستانی چمڑے کی صنعت عالمی سطح پر مزید مستحکم ہوگی اور ملک کی برآمدات میں نمایاں اضافہ کرے گی۔