سینیٹ کمیٹی کا برآمدات بڑھانے کیلئے کوششیں تیز کرنے پر زور

کراچی(اے پی پی)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت نے ملکی معاشی استحکام کیلئے برآمدات میں پائیدار اضافے کو یقینی بنانے کیلئے کوششیں تیز کرنے، مربوط اقدامات کرنے اور متعلقہ فریقین سے مشاورت کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
کمیٹی کی چیئرپرسن سینیٹر انوشہ رحمان کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں سینیٹرز سرمد علی، امیر ولی الدین چشتی اور حامد خان نے شرکت کی جبکہ وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان آن لائن شریک ہوئے ۔اجلاس میں چیف ایگزیکٹو ٹڈاپفیض احمد، سیکریٹری شہریار تاج، اسپیشل سیکریٹری کامرس ، وزارت تجارت، ٹڈاپاور تجارتی و سرمایہ کاری افسران سمیت فارما انڈسٹری، رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ریپ)اور پاکستان سافٹ ویئر ہاؤس ایسوسی ایشن (پاشا)کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔کمیٹی نے مختلف تجارتی امور کا جائزہ لیا اور ملک کی برآمدات بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ برآمدات میں اضافہ ملکی معیشت کے استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے ۔سینیٹر انوشہ رحمان نے کہا کہ وزیر اعظم برآمدات میں پائیدار اضافے کے لیے پرعزم ہیں، اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو مشترکہ طور پر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹیاں برائے تجارت اور خزانہ آئندہ ماہ ایک مشترکہ اجلاس منعقد کریں گی، جس میں برآمدات کے فروغ میں درپیش چیلنجز اور ان کا حل زیر غور آئے گا۔کمیٹی نے تجویز دی کہ غیر ملکی وفود کے دوروں کے دوران ان کی پاکستانی مینوفیکچررز اور برآمد کنندگان سے کاروباری ملاقاتیں کروائی جائیں اور ان کمپنیوں کو بھی تجارتی سرگرمیوں میں شامل کیا جائے جو متعلقہ تجارتی تنظیموں کی رکن نہیں ہیں، تاکہ ملک کی تجارتی صلاحیت میں اضافہ کیا جا سکے ۔ٹڈاپ کے چیف ایگزیکٹو نے کمیٹی کو پچھلے اجلاسوں میں دی گئی سفارشات پر عمل درآمد کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ٹڈاپ نے پاکستانی مینوفیکچررز کو دنیا بھر میں مختلف نمائشوں میں شرکت کے مواقع فراہم کیے ہیں۔