بڑی صنعتوں کی پیداوار میں ایک بار پھر کمی ریکارڈ

کراچی(رپورٹ:حمزہ گیلانی) بڑی صنعتوں کی پیداوار میں ایک بار پھر کمی ریکارڈ کی گئی ۔ملک کی بڑی صنعتوں کی پیداوار میں مسلسل کمی کا رجحان برقرار ہے جس کی تصدیق پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس کے تازہ ترین اعداد و شمار سے ہوتی ہے ۔
فروری 2025 میں لارج اسکیل مینوفیکچرنگ انڈیکس میں سالانہ3.5 فیصد اورماہانہ5.9 فیصد کمی دیکھی گئی۔اعدادوشمار کے مطابق فروری 2025 کے دوران ایل ایس ایم انڈیکس 122.56 رہا جو پچھلے سال فروری کے مقابلے میں 4.47 پوائنٹس کم ہے ۔دوسری جانب جنوری 2025 کے مقابلے میں بھی ایل ایس ایم انڈیکس میں 7.74 پوائنٹس کی کمی ہوئی ہے ۔رواں مالی سال کے پہلے 8ماہ کے دوران ایل ایس ایم انڈیکس میں 1.9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مذکورہ انڈیکس 118.07 تھا جب کہ رواں مالی سال میں یہ شرح کم ہو کر 115.82 پر پہنچ گئی ہے۔ماہرین کے مطابق بلند پیداواری لاگت ، توانائی بحران ، شرح سود کا بڑے پیمانے پر نہ گھٹنا اور کمزور صارفین کی طلب بڑی صنعتوں کی ترقی میں رکاوٹ بنی ہے۔