اسٹاک ایکسچینج،تیزی،48فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں
کراچی(بزنس رپورٹر)ملکی معاشی اشاریوں میں مسلسل بہتری نے اسٹاک مارکیٹ کو نہ صرف پلس سے سرپلس کردیا بلکہ اسٹاک سرمایہ کاروں کے متزلزل اعتماد کو بھی تقویت فراہم کردی ۔
کاروباری ہفتے کو چوتھے روز اسٹاک ایکسچینج میں دوران ٹریڈنگ اتار چڑھاؤ بالآخر تیزی میں تبدیل ہوکر اختتام پذیر ہوا۔تیزی کے سبب 48فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جب کہ حصص کی مالیت میں 99ارب 52کروڑ 33لاکھ 57ہزار 171روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 881 پوائنٹس کے اضافے سے 116901پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 326پوائنٹس کے اضافے سے 35932پوائنٹس اورآل شیئر زانڈیکس 521 پوائنٹس کے اضافے سے 73027پوائنٹس پر بند ہوا ۔ کاروباری حجم 15.30فیصد کم رہا۔ گزشتہ روز 40کروڑ 80لاکھ 66ہزار 790 حصص کے سودے ہوئے ۔