ہیلتھ، انجینئرنگ اور منرلز شو 2025 کا لاہور میں شاندار آغاز

لاہور(اے پی پی)ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ)کے زیر اہتمام ہیلتھ، انجینئرنگ اور منرلز شو 2025 کا آغاز جمعرات کولاہور ایکسپو سینٹر میں شاندار افتتاحی تقریب کے ساتھ ہوا ۔
افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی پنجاب کے وزیر برائے صنعت، تجارت و سرمایہ کاری چودھری شافع حسین تھے ۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو ٹڈاپ فیض احمد، سیکریٹری شہریار تاج، لاہور چیمبر کے صدر ابوذریع شاد اور ایف پی سی سی آئی کے ریجنل چیئرمین و نائب صدر زین افتخار چودھری بھی موجود تھے ۔ہیلتھ، انجینئرنگ اور منرلز شو 2025 میں 70 سے زائد ممالک کے 900 سے زائد غیر ملکی خریدار اور درآمد کنندگان شرکت کر رہے ہیں، جو تقریبا 200 پاکستانی نمائش کنندگان سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ نمائش میں 20 سے زائد شعبوں کی مصنوعات پیش کی گئی ہیں، جن میں دواسازی، سرجیکل آلات، زرعی مشینری، تعمیراتی آلات، آٹو پارٹس، کھیلوں کا سامان، موبائل ڈیوائسز اور کیمیکلز شامل ہیں۔