کراچی چیمبر کا ٹیکس آرڈیننس فوری واپس لینے کا مطالبہ
کراچی (بزنس رپورٹر)کراچی چیمبرکے صدر جاوید بلوانی نے ٹیکس آرڈیننس ترمیم 2025 کے خلاف نہ صرف کراچی چیمبر بلکہ ایف پی سی سی آئی اور ملک بھر کے تمام چیمبرز کی جانب سے شدید تحفظات کا حوالہ دیتے ہوئے اسے ایک پسماندہ اور کاروبار دشمن اقدام قرار دیا ۔
ایک بیان میں صدر جاوید بلوانی نے ایم این اے ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ کی کوششوں اور ان کے واضح مؤقف کو سراہا جنہوں نے بجا طور پر نشاندہی کی کہ یہ آرڈیننس حکومت کے کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے دعوے کے بالکل برعکس ہے ۔ صدر کے سی سی آئی نے متنازعہ آرڈیننس کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس ترمیم میں سخت اور غیر عملی شقیں شامل ہیں جو باقاعدہ کاروبار کو شدید متاثر کریں گی، دستاویزی معیشت کی حوصلہ شکنی کریں گی اور نجی شعبے اور ایف بی آر کے درمیان اعتماد کو مزید نقصان پہنچائیں گی۔