چھوٹے دکانداروں کوٹیکس نیٹ سے باہر رکھنے کا مطالبہ
کراچی (این این آئی)آل کراچی سندھ تاجر اتحاد کراچی کے صدر اشرف کاکڑ نے چھوٹے دکانداروں کو ٹیکس نیٹ میں جکڑنے کی کوششوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چھوٹے دکانداروں کو ہر قسم کے ٹیکس سے آزاد رکھنے کا مطالبہ کیا ہے ۔
انہوں نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں چھوٹے دکانداروں کو نظرانداز کر نے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک جانب تو حکومت ایف بی آر کے ذریعے چھوٹے تاجروں کے گرد ٹیکس نیٹ کا گھیرا ڈالنے کی کوششوں میں مصروف ہے تو دوسری جانب فرنچائز اور بڑے اسٹوروں کی سرپرستی کرکے لاکھوں چھوٹی دکانوں پر غیر محسوس طریقے سے تالہ لگانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔ اشرف کاکڑ نے مزید کہا چھوٹی دکانیں ملک میں غریب پروری اور روزگار کا بڑا ذریعہ ہیں، ملک بھر میں قائم لاکھوں دکانوں میں 2 کروڑ سے زائد افراد براہ راست اور بلواسطہ ملازم ہیں، ان دکانوں سے کروڑوں گھرانوں کے چولہے جل رہے ہیں، انہیں دبانے اور نظر انداز کرنے کی پالیسی سے ملک میں بڑے پیمانے پر لوگ بے روزگار ہوجائیں گے اور ملک میں معاشی بھونچال آجائے گا۔ اس وقت چھوٹے دکانداروں کی آمدنی غیر ہنر مند صنعتی مزدوروں سے بھی کم ہے ، ایسے میں چھوٹے دکانداروں کو ٹیکس نیٹ میں جکڑنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔