اسٹاک ایکسچینج:کاروباری ہفتے کا منفی آغاز،58ارب خسارہ

اسٹاک ایکسچینج:کاروباری ہفتے کا منفی آغاز،58ارب خسارہ

کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کا آغاز منفی زون میں ہوا۔کے ایس ای 100 انڈیکس 813پوائنٹس کی کمی سے 118877 پوائنٹس پر بند ہوا، اس دوران سرمایہ کاروں کو 58ارب روپے کا منافع ہوا جبکہ 50فیصدحصص کی قیمتیں گرگئیں۔

 تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کاآغاز مثبت زون میں ہوا،تاہم یکدم بلو چپ کمپنیوں کے حصص کی فروخت بڑھنے سے مارکیٹ تیزی سے مندی کی لپیٹ میں آگئی جس کے باعث ہنڈرڈ انڈیکس کی 1 لاکھ 20 ہزار اور 1لاکھ 19ہزار پوائنٹس کی سطح بھی گرگئی۔ شعبہ توانائی میں اصلاحات پروگرام کے تحت سرکلر ڈیٹ میں کمی کی غرض سے بینکنگ سیکٹر سے 6سالہ مدت کے لیے 1275ارب روپے کی فنانسنگ حاصل کیے جانے کی خبر سے کاروبار کے آغاز سے ہی تیزی دیکھی گئی لیکن یوکرین کی جانب سے حملوں کے بعد روس اور یوکرین کے درمیان کشیدگی شدت اختیار کرنے سے نہ صرف عالمی سطح پر اسٹاک مارکیٹوں میں مندی رونما ہوئی بلکہ مقامی مارکیٹ میں بھی جاری تیزی مندی میں تبدیل ہوگئی ہے ۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 30 انڈیکس309پوائنٹس کی کمی سے 36144پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس 302 پوائنٹس کی کمی سے 74458 پوائنٹس پر بند ہوا ۔ مجموعی طور پر 464 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 193 کمپنیوں کی حصص کی قیمتوں میں اضافہ ، 231 میں کمی اور 40 میں استحکام رہا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں